خصوصی اکنامک زون کے قیام اور نیا شہر آباد کرنے کا منصوبہ صنعتی،معاشی اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ میں سنگ میل ثابت ہو گا‘ خواجہ ضرار کلیم

جمعرات 9 اپریل 2015 16:20

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09 اپریل۔2015ء) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری(ایف پی سی سی آئی) کے ریجنل چےئرمین خواجہ ضرار کلیم نے کہا ہے کہ خصوصی اکنامک زون کے قیام اور نیا شہر آباد کرنے کا منصوبہ صنعتی،معاشی اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ میں سنگ میل ثابت ہو گا، گوادر پورٹ اور پاک چائنا اکنامک کاریڈور خطے کی خوشحالی کا اہم منصوبہ ہے،یہ منصوبہ خطہ میں اور پاکستان کیلئے نئی معاشی زندگی کا باعث ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ خصوصی اکنامک زون کا قیام اور نیا شہر آباد کرنے کے مجوزہ منصوبے کو عملی شکل دینے کیلئے فوری اقدامات کئے جا رہے ہیں اور معروف بین الاقوامی کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرکے فی الفوز ضروری کام شروع کیا جا رہا ہے جو قابل تحسین ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا مجوزہ منصوبے پر عملدرآمد سے لاکھوں لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔ صنعتی ترقی کیلئے توانائی کے بحران کا خاتمہ بہت ضروری ہے جس پر کئی حوالوں سے کام کرنے کی اشدضرورت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ اور پاک چائنا اکنامک کاریڈور خطے کی خوشحالی کا اہم منصوبہ ہے جو خطہ میں اور پاکستان کیلئے نئی معاشی زندگی کا باعث ہو گا۔ ضرار کلیم نے مزید کہا کہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے خیبر پختونخوا میں ساٹھ کلومیٹر طویل نئی شاہراہ ہزارہ موٹر وے کی تعمیر کا افتتاح کیا،اس کو منصوبہ کا پہلا حصہ قرار دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سٹر ک کے علاوہ اس کاریڈور میں ریلوے لائن،تیل اور گیس کی پائپ لائنیں اور فائبر آپٹکس کیبلز بچھائے جانے کی تجویز بھی منظور کی جا چکی ہے،یہ منصوبہ خطے میں گیم بدل دے گا جس سے کاشغر گوادر پراجیکٹ سے دنیا کے تین ارب لوگوں کو فائدہ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ خطے میں مشترکہ تجارتی اور ٹرانسپورٹ کا ریڈور کا قیام عمل میں آئیگا جس کے ذریعے خطے کی تجارت دنیا کے ترقی یافتہ خطوں کی طرح تیز اور با سہولت ہو گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی اعلان کردہ اکنامک کاریڈور میں تبدیلی سے اس کے نتائج پر کوئی اثر نہیں پڑے گا حکومت منصوبے کو کامیاب بنانے کیلئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لائے اور جلد از جلد اس کو پایہ تکمیل تک پہنچائے،کوریڈور کا روٹ تبدیل کرنے سے بلوچستان کے لوگوں کو تحفظات ہیں،حکومت کو انہیں اعتماد میں لینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ خطے میں مشترکہ تجارتی اور ٹرانسپورٹ کا ریڈور کا قیام عمل میں آنے سے خطے کی تجارت دنیا کے ترقی یافتہ خطوں کی طرح تیز اور با سہولت ہو گی۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں