ٹیوٹا انفارمیشن ٹیکنالوجی کو اپنے اداروں میں پڑھائے جانیوالے ہر کورس کے نصاب کا لازمی حصہ متعارف کروائیگی‘ عرفان قیصر شیخ

ٹیوٹا اداروں میں فنی تربیت حاصل کرنیوالے طالب علم کیلئے آئی ٹی کی ٹریننگ حاصل کرنا بھی لازم ہوگا‘ چیئرپرسن ٹیوٹا کا اجلاس سے خطاب

جمعرات 9 اپریل 2015 18:07

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09 اپریل۔2015ء) ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا) انفارمیشن ٹیکنالوجی کو اپنے اداروں میں پڑھائے جانے والے ہر کورس کے نصاب کا لازمی حصہ متعارف کروائے گی، ٹیوٹا اداروں میں فنی تربیت حاصل کرنے والے طالب علم کیلئے آئی ٹی کی ٹریننگ حاصل کرنا بھی لازم ہوگا، مائیکروسافٹ کے معیارکے مطابق آئی ٹی کو نصاب میں شامل کرنے کیلئے ورکنگ شروع کر دی گئی ہے۔

چیئرپرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ ٹیوٹا سیکرٹریٹ میں ایشیا میں مائیکروسافٹ کے بزنس انٹر پرائز کے ہیڈفوزی سوسی کے ساتھ ایک اجلاس میں خطاب کررہے تھے۔ چیف آپریٹنگ آفیسر ٹیوٹا جواد احمد قریشی، جنرل منیجرز حامد غنی انجم، اظہر اقبال شاد، پاکستان میں مائیکروسافٹ کے بزنس ڈیولپمنٹ منیجراحمد معاذ اور ٹیوٹا کے دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

عرفان قیصر شیخ نے کہاکہ طلباء اپنے کورس کی تکمیل کے بعد مائیکروسافٹ سرٹیفائیڈ بننے کیلئے ما ئیکروسافٹ کا امتحان دے سکیں گے۔ٹیوٹا اور مائیکروسافٹ کے درمیان تعاون وزیر اعلی پنجاب کی صوبہ بھر میں آئی ٹی کو متعارف کروانے کے ویژن کے مطابق ہے ۔اس وقت تین سالہ ڈپلومہ آف ایسوسی ایٹ انجنئیر کے نصاب میں آئی ٹی کا کورس شامل ہے اور اب ٹیوٹا شارٹ کورسز، ایک سالہ اور دو سالہ ڈپلومہ کورسز میں بھی آئی ٹی کونصاب میں شامل کرے گی۔

مائیکرو سافٹ آفس اور ڈیجیٹل لٹریسی آئی ٹی نصاب کا نمایاں حصہ ہونگے۔ان کورسز کو کامیابی سے چلانے کیلئے ٹیوٹااپنے اساتذہ کو ٹریننگ بھی کروائے گی اور جہاں ضروری ہوا وہاں نئے اساتذہ بھرتی کئے جائیں گے۔ایشیاء میں مائیکرو سافٹ کے بزنس ہیڈ فوزی سوسی نے کہا کہ ٹیوٹا اداروں میں مائیکروسافٹ اپنے تربیتی کورس کو متعارف کروانے کیلئے ٹیوٹا کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی۔

اس سے ٹیوٹا کے طلباء کو جدید تقاضوں کے مطابق آئی ٹی مہارت حاصل ہو گی۔ اس وقت 17,000سے زائد مائیکرو سافٹ آئی ٹی اکیڈمی کے ممبران 133ممالک میں موجود ہیں اور سالانہ 24 فیصد کی شرح سے اضافہ ہو رہا ہے ۔یہ ممبران تعلیمی اداروں اور دنیا بھر میں ماہرین تعلیم کو اکیسویں صدی کے مطابق مائیکرو سافٹ ٹریننگ فراہم کر رہی ہیں جو انکے پیشہ ورانہ فرائض کو جدید آئی ٹی تقاضوں کے مطابق سرانجام دینے میں مدد گار ثابت ہورہی ہے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں