ملک حالت جنگ میں ہے ،یمن میں لگی آگ سے بچنے کی ضرورت ہے‘چیئرمین سنی اتحاد کونسل

یمن بحران کی آڑ میں فرقہ واریت نہ پھیلائی جائے،ملک کو جاگیر داروں اور وڈیروں کے چنگل سے آزاد کروایا جائے‘ صاحبزادہ حامد رضاء

جمعرات 9 اپریل 2015 18:09

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09 اپریل۔2015ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ محمد حامد رضا نے کہا ہے کہ پاکستانی حکمران یمن کے بجائے وطن کی فکر کریں ،مسلم حکمرانوں کو سمجھنا ہوگا کہ یمن کی جنگ کسی کے مفاد میں نہیں ،ہمارے حکمران سعودی بادشاہوں کے ذاتی احسانات کا قرض اتارنے کیلئے ملکی سلامتی داؤ پر لگائیں کیونکہ ملکی مفاد ات ذاتیات سے اہم ہوتے ہیں ،دھاندلی کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن کا قیام خوش آئند ہے،عرب ممالک فلسطین کی آزادی کیلئے مشترکہ فوج کیوں نہیں بناتے،ملک حالت جنگ میں ہے اس لئے یمن میں لگی آگ سے بچنے کی ضرورت ہے،اپوزیشن جماعتوں کا سعودی عرب اور یمن فوج نہ بھیجنے پر اتفاق سامنے آچکاہے،کرپشن کی سزا موت ہو نی چاہئے،یمن بحران کی آڑ میں فرقہ واریت نہ پھیلائی جائے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکز الاسلامی شاد باغ لاہور میں سنی اتحاد کونسل لاہور کے عہدیداران و کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ یمن کی جنگ غیروں کی سازش ہے۔امت مسلمہ اختلافات ختم کرکے متحد ہو جائے۔یمن بحران نے امت کو نازک موڑ پر لا کھڑا کیا ہے۔ملک کے اٹھارہ کروڑ عوام نہیں چاہتے کہ پاک فوج یمن بھیجی جائے۔

پاکستان کو کسی ایک فریق کی حمایت نہیں کرنی چاہیئے بلکہ آگے بڑھ کر مسئلہ حل کروانے کیلے اپنا قائدانہ کردار ادا کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ انگریزوں سے جاگیریں لینے والوں کو سیاست بدر کرنا ہوگا۔ مخصوص خاندانوں نے پاکستان کی سیاست اور اقتدار کو یر غمال بنا رکھا ہے۔وقت آگیا ہے کہ ملک کو جاگیر داروں اور وڈیروں کے چنگل سے آزاد کروایا جائے۔

حقیقی جمہوریت کیلئے موروثی سیاست کا خاتمہ ضروری ہے۔پارلیمنٹ کے کسی ایک رکن نے بھی فوج بھیجنے کی حمایت نہیں کی اس لئے وزیر اعظم پارلیمنٹ میں سامنے آنے والی رائے کو مد نظر رکھتے ہوئے سعودی عرب اور یمن میں فوج نہ بھیجنے کا دو ٹوک اعلان کریں تاکہ قوم میں پیدا ہونے والی بے چینی کا خاتمہ ہوسکے۔حکومت کا انتحابات میں دھاندلی کی چھان بین پر آمادہ ہونا در اصل انتخابات میں الزام کو تسلیم کرنا ہے۔جوڈیشل کمیشن بننا عمران خان کی اخلاقی فتح ہے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں