حکومت توانائی بحران کو جلد حل کرنے کے لئے پرعزم ہے،2017 ء تک لوڈشیڈنگ سے نجات حاصل کر لیں گے ‘رانا مشہود

اگلے سال چار ہزار سکولوں کو سولر انرجی پر منتقل کر دینگے، لوڈشیڈنگ کے خاتمے سے بیروز گاری اور معاشی بدحالی کا خاتمہ ہو گا‘ وزیر تعلیم پنجاب

جمعرات 9 اپریل 2015 20:07

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09 اپریل۔2015ء) وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ حکومت توانائی بحران کو جلد سے جلد حل کرنے کے لئے کوشاں ہے ، توانائی بحران پر قابو پانے کے لئے روایتی اور متبادل تمام ذرائع استعمال کر رہے ہیں ، اگلے سال چار ہزار سکولوں کو سولر انرجی پر منتقل کر دیں گے، 2017 ء تک لوڈشیڈنگ سے نجات حاصل کر لیں گے جس سے صنعت کا پہیہ رواں دواں اور بیروزگاری اور معاشی بدحالی کا خاتمہ ہو گا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور لیڈز یونیورسٹی کے زیر اہتمام ”پاکستان میں توانائی بحران ، بین الاقوامی تناظر اور ممکنہ حل “ کے عنوان کے تحت سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر منور سلطانہ ، انرجی سیکٹر کے ماہرین ، اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

وزیر تعلیم رانا مشہود احمد نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت توانائی بحران پر قابو پانے کے لئے تمام ممکن اقدامات کر رہی ہے اور حکومتی اقدامات سے غیرملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے ۔

چین، ترکی اور جرمنی سمیت متعدد ملکوں سے توانائی منصوبوں کے معاہدے کئے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے مہذب اور ترقی یافتہ ممالک میں بازار رات جلد بند ہو جاتے ہیں مگر توانائی بحران کے باوجود ہمارے ہاں مارکیٹیں دیر تک کھلی رہتی ہیں ، توانائی بحران پر قابو پانے کے لئے عوام کو حکومت کا ساتھ دینا ہو گا۔ توانا ئی بحران ایک اجتماعی مسئلہ ہے اور اس سے نجات کے لئے اجتماعی کاوش درکار ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آگے بڑھنے اور ترقی کرنے کا ایک ہی راستہ ہے کہ عوام کی توقعات پر پورا اترا جائے ۔ عوام کے پاس ووٹ کی طاقت ہے اور وہ اس طاقت سے کارکردگی نہ دکھانے والوں کو گھر بھیج سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پوری دیانتداری اور دلجمعی سے توانائی بحران کو حل کرنے کے لئے کوشش کر رہی ہے اور اس مقصد کے حصول کے لئے بھاری فنڈز مختص کئے گئے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں