پہلے مرحلے میں این اے 124 کے ثبوت ، دوسرے مرحلے میں بطور جماعت تمام حلقوں میں دھاندلی کے ثبوت پیش کرینگے‘ اعتزا ز احسن

انتخابی دھاندلی کے ثبوت جوڈیشل کمشن میں پیش کریں گے،اے این پی کو سازش کے تحت انتخابی مہم نہیں چلانے دی گئی‘ سینیٹر زاہد خان

جمعرات 9 اپریل 2015 20:59

لاہور/پشاور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09 اپریل۔2015ء) پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی نے بھی عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے ثبوت جوڈیشل کمشن میں لے جانے کا فیصلہ کر لیا ۔پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ پہلے مرحلے میں این اے 124 کے ثبوت جوڈیشل کمشن میں پیش کئے جائیں گے۔ دوسرے مرحلے میں پیپلز پارٹی بطور جماعت بھی تمام حلقوں میں دھاندلی کے ثبوت کمشن میں لے جائیگی۔

نجی ٹی وی کے مطابق اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ ان کے حلقے میں 12 پولنگ بیگ میں سے ووٹوں کے بجائے ردی نکلی۔ شیخ روحیل اصغر کے وکیل نے بھی ردی نکلنے کی تصدیق کی ہے۔ اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ دھاندلی کے حوالے سے وائٹ پیپر جوڈیشل کو پیش کروں گا ۔عوامی نیشنل پارٹی نے بھی جوڈیشل کمیشن میں پیش ہونے کا اعلان کر دیا۔

(جاری ہے)

اے این پی کے مرکزی رہنما سینیٹر زاہد خان کا کہنا ہے کہ انتخابی دھاندلی کے ثبوت جوڈیشل کمشن میں پیش کریں گے۔

عوامی نیشنل پارٹی کو سازش کے تحت انتخابی مہم نہیں چلانے دی گئی ۔ دستاویزات اور ثبوت آئندہ چند روز میں سیکرٹری کمشن کو دیں گے۔ کمیشن تحقیقات کرے کہ سازش میں کون سی جماعت ملوث ہے ۔ زاہد خان نے کہا کہ انتخابات میں اے این پی کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا اور اس حوالے سے چیف الیکشن کمیشنر اور چیف جسٹس کو دو خطوط بھی لکھ چکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں