پی ٹی آئی ریلی پر حملہ قابل مذمت ہے ،ایم کیو ایم کو تخت کراچی ہاتھوں سے نکلتا نظر آرہا ہے‘ پیر اعجاز ہاشمی

جمعرات 9 اپریل 2015 21:17

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09 اپریل۔2015ء ) جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجا ز احمد ہاشمی نے کراچی میں ایم کیو ایم کے کارکنوں کی تحریک انصاف کی ریلی پر حملے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ کی بدمعاشی نے سیاست سے تشدد کو ہمیشہ فروغ ملا ہے، ایم کیو ایم کو تخت کراچی ہاتھوں سے نکلتا نظر آرہا ہے، جس پر ان کی پریشانی کو سمجھنا مشکل نہیں ہے۔

اپنی رہائش گاہ پر جے یو پی اورسیزکے صدر اور ورلڈ اسلامک مشن کے نائب صدرغلام سیدین سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم کی منافقت قوم سے ڈھکی چھپی نہیں،الطاف حسین خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کرتے ہیں مگر عملی طور پر انہیں برداشت نہیں کہ کوئی اور جماعت سیاسی سرگرمیاں کرسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مطالبہ کیا کہ موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے ضروری ہوگیا ہے کہ این اے 246 کے انتخابات فوج اور رینجرز کی نگرانی میں کروائے جائیں۔

ورنہ خون خرابے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں تحمل اور برداشت کا نام ہی جمہوریت ہے۔ مگر ایم کیو ایم نے کراچی کے عوام کو بندوق کے زور پر یرغمال بناکر رکھا ہے۔ بوری بند لاشیں، بھتہ خوری اور خوف کے سائے میں جعلی انتخابات کے ذریعے اپنے تسلط کو برقرار رکھا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمشن کو بھی سیاست میں تشد د کا نوٹس لینا چاہیے۔ تمام امیدواروں کو بلاخوف انتخابی مہم چلانے کے لئے ساز گار ماحول فراہم کیا جائے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں