ریڑھی بانوں کے لیے ورکشاپ کا انعقاد اپنی نوعیت کا پہلا قدم ہے ‘ عبداﷲ خان سنبل

7جنوری کو 29ماڈل ریڑھیاں منتخب ریڑھی بانوں کو دی جائیں گی ‘ کمشنر لاہور ڈویژن کا ورکشاپ سے خطاب

ہفتہ 2 جنوری 2016 19:18

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 جنوری۔2016ء) کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے پنجاب فوڈ اتھارٹی اور اخوت کی جانب سے کمشنر آفس میں ماڈل ریڑھیوں کے لیے منتخب ریڑھی بانوں کے لیے منعقدہ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس تربیتی ورکشاپ کا مقصد یہ ہے کہ لاہور میں صاف ستھری غذا کی فراہمی کے لیے ریڑھی بانوں کو مکمل طور پر حفظان صحت کے اصولوں سے آگاہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ریڑھی بانوں کے لیے ورکشاپ کا انعقاد بھی اپنی نوعیت کا پہلا قدم ہے کہ وہ شہریوں کو صاف ستھری اشیائے خوردونوش کی فراہمی کے لیے مکمل آگاہی حاصل کریں تاکہ ہم ایک صحت مند معاشرے کی طرف سفر شروع کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ 7جنوری 2016ء کو 29ماڈل ریڑھیاں منتخب ریڑھی بانوں کو دی جائیں گی اور یہ ریڑھی بان پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہدایات کے مطابق ضلعی انتظامیہ لاہور کی جانب سے مقررہ کردہ بازاروں میں ریڑھیاں لگائیں گے۔پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر ثاقب منیر اور اخوت سے شرجیل احمد نے تربیتی ورکشاپ میں شرکت کرنے والے تمام ریڑھی بانوں کو بریفنگ دی اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کا صاف ستھری غذا کی فراہمی سے متعلق پمفلٹ بھی دیئے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں