پاکستان علماء کونسل کا 7جنوری کو لاہور میں عظیم الشان رحمۃ اللعالمین ؐ کانفرنس بلانے کا اعلان

پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین طاہر اشرفی اور دیگرکا پیغام رحمۃ اللعالمین ؐ کانفرنس سے خطاب

پیر 4 جنوری 2016 20:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔04 جنوری۔2016ء) پاکستان علماء کونسل کے زیر اہتمام گوجرانوالہ میں ہونے والی پیغام رحمۃ اللعالمین ؐ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہاکہ عالم اسلام کو مصائب اور مشکلات سے نکلنے کیلئے سیرت مصطفی ؐپر عمل کرنا ہوگا‘بچیوں کی تعلیم پر پابندی لگانے والوں کیلئے قانون میں سخت سزا ہونی چاہئے‘رسول اکرم ؐ کی تعلیمات کی وجہ سے عورتوں کو بلند مقام ملا۔

سعودی عرب نے اپنے شہریوں کو سزائیں دے کر انصاف کو سربلند اور ارض حرمین الشریفین کے امن کو محفوظ بنایا ہے۔ پیر کویہاں ہونے والی کانفرنس میں ہزاروں کی تعداد میں طلباء و طالبات اور خواتین و مرد حضرات نے شرکت کی۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ آج مسلمان جن مشکلات کا شکار ہورہے ہیں ان سے نکلنے کا واحد راستہ رسول اکرم ؐ کی تعلیمات پر عمل کرنے میں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مذہبی ،سیاسی قائدین کی مصلحتوں اور مفادات کی وجہ سے آج امت مسلمہ انتشار کا شکار ہے۔شام سے کشمیر اور یمن سے فلسطین تک امت مسلمہ کا خون بہایا جارہا ہے لیکن ایک بے حسی کی کیفیت طاری ہے جس کو ختم کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر ملک کو حق حاصل ہے کہ وہ اپنے قوانین کے مطابق مجرموں کو سزائیں دے۔سعودی عرب اور ارض حرمین الشریفین کے امن سے کھیلنے والوں کو سزائیں دینے سے دہشتگردی اور انتہاپسندی اور فرقہ وارانہ تشدد کے خاتمے میں مدد ملے گی۔

سعودی عرب میں مجرمین کو سزائیں دینے پر پاکستان اور دیگر ممالک میں احتجاج نہ صرف افسوسناک ہے بلکہ ایران میں سعودی عرب کا سفارتخانہ جلایا جانا قابل مذمت ہے اس پر اسلامی ممالک کو غوروفکر کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے خاتمہ کیلئے پاکستان کو اپنا کردار اداکرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ 8جنوری بروز جمعۃ المبارک کو ملک بھر میں ارض حرمین اور مظلوم مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے یوم وحدت منایا جائے گا اور 7جنوری کو لاہور میں عظیم الشان رحمۃ اللعالمین ؐ کانفرنس ہوگی۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان علماء کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہا کہ مسلمانوں کا بیت اﷲ اور روضہ رسول ؐکی وجہ سے سعودی عرب سے احترام کا رشتہ ہے ۔سعودی عرب دنیا کا واحد اسلامی ملک ہے جس میں حدود اﷲ نافذ ہیں۔رسول اکرم ؐ کی تعلیمات ہمیں حکم دیتی ہیں کہ ظالم کیخلاف مظلوم کا ساتھ دیں اگر سعودی عرب نے ارض حرمین الشریفین کے امن کو تباہ کرنے والے دہشتگردوں کو سزائیں دی ہیں تو اس پر احتجاج مناسب نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ارض حرمین الشریفین کے دفاع و سلامتی اور استحکام کیلئے پوری امت مسلمہ ہر لمحہ تیار ہے ۔پاکستان علماء کونسل کے وائس چیئرمین مولانا ایوب صفدر نے کہا کہ پاکستان محمد عربی ؐ کے نظام کے نفاذ کیلئے بناتھا ۔پاکستان میں امن و سلامتی اور سکون اسی وقت آئے گا جب یہاں پر محمد عربی ؐ کا نظام نافذ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل کی جدوجہد یہی ہے کہ پاکستان میں مدینہ منورہ کی طرز کی ریاست قائم ہو جہاں پر بلاتفریق سب کو حقوق اور انصاف میسر ہو۔

پاکستان علماء کونسل کے مرکزی رہنما پروفیسر ڈاکٹر عبد الماجد المشرقی نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل 2016؁ء میں بچیوں کی تعلیم کے فروغ کیلئے جدوجہد کرے گی۔آج جہیز کی وجہ سے لاکھوں بچیاں گھروں میں بیٹھی ہیں ۔ہمیں اس طرف توجہ دینی ہوگی۔تعلیم کے دروازے بچیوں کیلئے کھولنے ہوں گے تاکہ وہ معاشرے کی بہترطور پر اصلاح کرسکیں ۔انہوں نے کہا کہ محراب ومنبر اور بچیوں کے تعلیمی اداروں ،مساجد اور سکول سے دہشتگرد ی ،انتہاپسندی اور فرقہ وارانہ تشدد کے خاتمے کیلئے مہم چلانی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل علم و امن فاؤنڈیشن کے تعاون سے خواتین کے حقوق کو اجاگر کرنے کیلئے مرکز قائم کرے گی ۔ کانفرنس میں ایک متفقہ قرارداد کے ذریعے سعودی عرب کے ایران میں سفارت خانہ جلانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے بعض ممالک اور عالمی دہشت گرد تنظیموں کی طرف سے سعودی عرب کے امن کو تباہ کرنے کی دھمکیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ اگر کسی ملک یا تنظیم نے سعودی عرب پر جارحیت کی کوشش کی تو امت مسلمہ کا بچہ بچہ ارض حرمین الشریفین کا دفاع کرے گا۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں