رضاکارانہ طور پر ٹیکس ادائیگی سکیم معیشت کی طرف درست قدم ، اسے مثبت انداز میں لیا جائے‘ پیاف

منگل 5 جنوری 2016 13:41

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 جنوری۔2016ء ) پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسو سی ایشنز فرنٹ(پیاف )نے وزیر اعظم کی جانب سے اعلان کردہ رضاکارانہ طور پر ٹیکس ادائیگی سکیم کی بھر پور حمایت کرتے ہوئے اسے معیشت کی طرف درست قدم قرار دیا ہے ۔گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں چیئر مین پیاف عرفان اقبال شیخ اور وائس چیئر مین پیاف تنویر احمد صوفی نے کہا کہ اس فیصلے سے صنعتی وتجارتی پھیلاؤ میں اضافہ اور معیشت مستحکم ہو گی جبکہ حکومت کی آمدنی میں 50 ارب تک کا اضافہ ہو گا اور اس کے اثرات دوسرے شعبوں تک بھی منتقل ہوں گے۔

عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ حکومت نے فائلرز اور نان فائلرز دونوں کی مشکلات کو مد نظر رکھتے بہترین ریلیف پیکج کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی قرضوں پر زیادہ عرصے تک انحصار نہیں کیا جا سکتا کیونکہ یہ ملکی مفاد کے خلاف ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بزنس کمیونٹی سے کہا ہے کہ حکومتی رعایت سے استفادہ کر کے خود کو ٹیکس نیٹ میں شامل کروائیں اور محب وطن کا ثبوت دیں تاکہ جو لوگ بر وقت ٹیکس ادا کرتے ہیں ان کی حوصلہ شکنی نہ ہو۔

، وائس چیئر مین پیاف تنویر احمد صوفی نے کہا کی تاجروں کی پچھلے چھ ماہ کی انتھک محنت رنگ لائی اور یہ معاملہ خوش اسلوبی سے حل ہو گیا ہے اب تمام تاجر برادری یکسوئی سے ملکی ترقی میں اپنا کرد ار ادا کر رہے ہیں، انھوں نے کہا کہ اس سکیم سے لاکھوں تاجر ٹیکس نیٹ میں آ جا ئیں گے اور دستاویزی معیشت بڑھنے سے ملک ترقی کرے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں