کار چوری کی وارداتوں میں ملوث لاہوری کار چورگینگ کے 2 ملزمان گرفتار

منگل 5 جنوری 2016 16:36

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 جنوری۔2016ء) اینٹی وہیکلز لفٹنگ سٹاف ماڈل ٹاؤن نے کار چوری کی وارداتوں میں ملوث لاہوری کار چورگینگ کے 2 ملزموں کو گرفتار کر کے ان کی نشاندہی پرلاکھوں روپے مالیت کی چوری کی گئی13کاریں، ماسٹر کیز اور ناجائز اسلحہ برآمد کر لیا۔تفصیلات کے مطابق کار چوری کی وارداتوں کی روک تھام اور ان میں ملوث ملزموں کی گرفتاری کیلئے کیپٹن (ر) محمد امین وینس کی ہدایات پر ایس ایس پی انویسٹی گیشن حسن مشتاق سکھیرا نے ایس پی AVLS ملک محمداویس کی سربراہی میں مختلف پولیس ٹیموں کوکار چوری کی وارداتوں میں ملوث گروہوں کی گرفتاری کا ہدف دیا۔

ڈی ایس پی اینٹی وہیکلز لفٹنگ سٹاف ماڈل ٹاؤن سلیم مختار بٹ کی سربراہی میں انچارج اینٹی وہیکل لفٹنگ سٹاف ماڈل ٹاؤن محمد عباس اور دیگر اہلکاروں پر مشتمل پولیس ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی اور دیگر ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات کی روشنی میں ریڈ کر کے لاہوری کار چور گینگ کے سرغنہ محمد اویس عرف لاہوری اور اس کے ساتھی آفتاب احمد کو گرفتار کر کے ان سے لاکھوں روپے مالیت کی چوری کی گئی13کاریں، ماسٹر کیزاور ناجائز اسلحہ برآمد کیا ہیں۔

(جاری ہے)

ملزمان اپنے طریقہ واردات میں تجارتی مراکز پلازوں، گھروں اور پارکنگ اسٹینڈز کے باہر کھڑی گاڑیوں کو ماسٹر کیز کے ذریعے کھول کرفرار ہو جاتے تھے اوربراستہ موٹروے ایبٹ آباد مانسہرہ لے جاتے اور ملک مظہر اور نیاز علی شاہ نامی اشخاص کو اُونے پونے داموں فروخت کر دیتے تھے۔ دوران تفتیش ملزموں نے ماڈل ٹاؤن، اقبال ٹاؤن، جوہر ٹاؤن، نصیر آباد،مسلم ٹاؤن، وحدت کالونی، لٹن روڈ، چوہنگ،ملت پارک، شادمان، اسلامپورہ، مغلپورہ، سول لائن، مصطفی آباد، ٹبی سٹی کے مختلف تھانوں کی حدود سے کار چوری کی درجنوں مزیدوارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ ملزمان ریکارڈ یافتہ ہیں اور اس سے قبل بھی کار چوری کے متعدد مقدمات میں کئی مرتبہ جیل جا چکے ہیں جو رہا ہوتے ہی دوبارہ وارداتیں شروع کر دیتے تھے۔ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سلطان احمدچوہدری نے ملزموں کی گرفتاری اور کاروں کی برآمدگی پر پولیس ٹیم کیلئے نقد انعامات اور تعریفی اسناد کا اعلا ن کیا ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں