سروسز ہسپتال کے پیرا میڈیکل سٹاف کامطالبات کے حق میں پرنسپل آفس کے باہر دھرنا دے کر احتجاج

ملازمین نے احتجا ج کے دوران آؤٹ ڈور میں کام بند رکھا جس کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا

منگل 5 جنوری 2016 19:25

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 جنوری۔2016ء ) سروسز ہسپتال کے پیرا میڈیکل سٹاف نے اپنے مطالبات کے حق میں پرنسپل آفس کے باہر دھرنا دے کر احتجاج کیا ، ملازمین نے احتجا ج کے دوران آؤٹ ڈور میں کام بند رکھا جس کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ تفصیلات کے مطابق پیرا میڈیکل سٹاف نے وعدے کے باوجود سروس سٹرکچر نہ دینے اورکنٹریکٹ ملازمین کو گزشتہ کئی ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کیخلاف احتجاجی ریلی نکالی اور سروسز ہسپتال میڈیکل انسٹی ٹیوٹ کے سامنے احتجاج کیا ۔

ملازمین اس موقع پر اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کرتے رہے ۔ ایم ایس سروسز ڈاکٹر عمر فاروق بلوچ نے مظاہرین سے مذاکرات کئے اور انہیں مطالبات تسلیم کرنے کی یقین دہانی کرائی لیکن احتجاجی مظاہرین کا کہنا تھا کہ ان سے پہلے بھی بہت وعدے کئے گئے ہیں جب تک تحریری نوٹیفکیشن نہیں ہوتا احتجاج جاری رکھیں گے ۔

(جاری ہے)

بعد ازاں پیرا میڈیکل سٹاف نے سروسز ہسپتال کے اندر پرنسپل آفس کا گھیراؤ کر کے نعرے بازی کی اور دھرنا دیدیا ۔

ایسوسی ایشن کے چیئرمین یوسف بلا نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے مشیرخواجہ سلمان رفیق ، پارلیمانی سیکرٹری خواجہ عمران نذیر سروس سٹرکچر دینے کا کئی مرتبہ وعدہ کر چکے ہیں لیکن اسے پورا نہیں کیا جارہا ۔حکومت فوری طور پر کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرے اور انہیں تنخواہوں کی ادائیگیاں کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ دوبارہ جنرل کونسل کا اجلاس بلا رہے ہیں جس میں مطالبات منظور کئے جانے تک دھرنا دینے کا فیصلہ کیا جائے گا۔پیرا میڈیکل سٹاف کے احتجاج کے دوران آؤٹ ڈور میں کام رہا جس کے باعث مریضوں کوشدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں