پیپلز پارٹی کا عمران خان کے خلاف مظاہرہ کھسیانی بلی کے کھمبا نوچنے کے مترادف ہے ‘عبدالعلیم خان

زرداری نواز گٹھ جوڑشرمناک ہے، نا اہل لیگ نے 2018تک لو ڈ شیڈنگ ختم نہ ہونے کا اعتراف کر لیا

منگل 5 جنوری 2016 19:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 جنوری۔2016ء ) چیئرمین تحریک انصاف کے پولیٹیکل ایڈوائزر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کا عمران خان کے خلاف مظاہرہ کھیسانی بلی کے کھمبا نوچنے کے مترادف ہے اس پارٹی کی تباہی کیلئے اس کی اپنی قیادت ہی کافی ہے قوم جانتی ہے کہ گذشتہ10برسوں میں کن دو سیاسی جماعتوں نے لوٹ مار پر مک مکا کر کے اقتدار کی بندر بانٹ کی ،زرداری نواز گٹھ جوڑ کا نقصان پاکستانی عوام کو ہوا انتخابی مہم میں ایک دوسرے کا پیٹ پھاڑ کر لوٹی ہوئی دولت واپس لانے کا دعوی کرنے والے آج ایک دوسرے کے مفادات کا تحفظ کر رہے ہیں اور احتساب کے نام پر نورا کشتی کر رہے ہیں اور اپنی کارستانیوں سے توجہ ہٹانے کیلئے پیپلز پارٹی عمران خان کے خلاف مظاہرے کا ڈھونگ رچا رہی ہے ۔

(جاری ہے)

عبدالعلیم خان نے پارٹی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ زرداری کی بھاری کرپشن کے ابھی چند کردار سامنے آئے ہیں جبکہ اصل فلم ابھی باقی ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت ڈنگ ٹپاؤ پالیسی پر عمل کرتے ہوئے قومی خزانہ لوٹنے والوں سے نرمی سے کام لے رہی ہے جس کا پیپلز پارٹی بھرپور فائدہ اٹھا رہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ نواز لیگ کا 2018تک بھی لوڈ شیڈنگ ختم نہ ہونے کا اعتراف اُن کی نا اہلی اور وعدہ خلافی کا کھلا ثبوت ہے جس کا خمیازہ انہیں آئندہ عام انتخابات میں بھگتنا ہو گا ۔

انہوں نے کہا کہ سینے پر ہاتھ مار کر 6ماہ سے ڈیڑھ سال میں لوڈ شیڈنگ سے نجات دلانے اور منار پاکستان پر ٹینٹ لگانے کا ڈرامہ کرنے والے آج منہ چھپاتے پھرتے ہیں اور اُن کا سارا انحصار اخبارات کی اشتہاری مہم پر ہے ۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ 22ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھنے والا سسٹم 12ہزار میگا واٹ بجلی بنا رہا ہے اور مزید بجلی بنانے کا دعوی کرنے والے پہلے سے موجود ٹارگٹ کو پورا کرنے میں بھی ناکام رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ گھر کے بھیدی وزیر نے حکومت کی لنکا ڈھا دی ہے اور اب حکمرانوں کے پاس اپنی جعلی کارکردگی کو چھپانے کا کوئی بہانہ نہیں ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں