غیر معیاری اورناقص کھانے کی اشیاء کے خلاف مہم تیز کرنے کا فیصلہ

جن اضلاع میں کمی اورکوتاہی پائی گئی ہے،ان کو خطوط لکھے جائیں گے‘ چیف سیکرٹری پنجاب

منگل 5 جنوری 2016 21:54

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔05 جنوری۔2016ء ) چیف سیکرٹری پنجاب خضر حیات گوندل نے پنجاب فوڈ اتھارٹی اور تمام اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ غیر معیاری اور ناقص کھانے کی اشیاء کی فروخت کے خلاف مہم مزید تیز کی جائے۔وہ آج یہاں سول سیکرٹریٹ میں ایک اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔اجلا س میں سیکرٹری فوڈ ڈاکٹر پرویز احمد خاں،ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی ساجد چوہان،ڈائریکٹر آپریشنز عائشہ ممتاز اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ غیر معیاری اورمضر صحت اشیاء خوردونوش کی فروخت کسی صورت برداشت نہیں کی جا سکتی۔انہوں نے کہا کہ ناقص اور ملاوٹ شدہ اشیاء خوردونوش فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ غیر معیاری اور ناقص کھانے کی اشیاء کے خلاف مہم کا دائرہ پورے صوبے میں پھیلایا گیا ہے اور جن اضلاع میں کمی اور کوتاہی پائی گئی ہے ان کی انتظامیہ کو خطوط لکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عوام کو کھانے پینے کی معیاری اشیاء کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں