حکومت سرکاری اور پرائیویٹ حج سکیموں میں عازمین کو سہولیتیں دینا چاہتی ہے ،پرائیویٹ آرگنائزرز کی مشاورت سے مناسب بجٹ میں حج پیکیج پیش کرنے کے لئے تیار ہیں

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی مذہبی امور کے چیئرمین حافظ عبدالکریم کی حج آرگنائزرز ایسوسی ایشن پنجاب کے وفد سے گفتگو

بدھ 6 جنوری 2016 17:43

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔06 جنوری۔2016ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کے چیئرمین حافظ عبدالکریم نے کہا ہے کہ حکومتِ پاکستان سرکاری اور پرائیویٹ دونوں سکیموں کے حجاج کو سہولیتیں دینا چاہتی ہے لہٰذا پرائیویٹ حج میں بھی حج آرگنائزرز کی مشاورت سے مناسب بجٹ میں حج پیکج پیش کرنے کے لئے تیار ہیں، وہ بدھ کویہاں حج ارگنائزرز ایسوسی ایشن آف پاکستان پنجاب کے وفد سے گفتگو کررہے تھے جس نے ہوپ پنجاب کے چیئرمین حافظ شفیق کاشف کی قیادت میں ان سے ملاقات کی ، انہوں نے ہوپ کے مانیٹرنگ سسٹم ، شکایات سیل اور خود احتسابی کے نظام کو سراہتے ہوئے کہا کہ حج آرگنائزرز کو اﷲ تعالیٰ نے اپنے مہمانوں کی خدمت پر مامور کیا ہے لہٰذا کاروبار کے ساتھ ساتھ مالی منفعت سے بالا تر ہوکر حاجیوں کی خدمت کو اولین ترجیح بنالیں، حافظ عبدالکریم نے کہا کہ پرائیویٹ سکیم کو مزید کامیاب بنانے، آرگنائزرز اور عازمینِ حج کے مسائل حل کرنے کے لئیے ہوپ کی قیادت سے مشاورت جاری رکھیں گے اور پرائیویٹ حج سکیم کے بارے میں ارکان اسمبلی کو بریفنگ دینے کے لئیے ہوپ کے نمائندوں کو موقعہ دیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف کی خصوصی ہدایت ہے کہ پاکستانی عازمینِ حج کے لئے مناسب بجٹ میں بہترین انتظامات کے لئیے جامع حج پالیسی مرتب کی جائے، حافظ عبدالکریم نے کہا کہ آئندہ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں پرائیویٹ حج کے لئیے ہوپ کے نمائندوں کو شامل کریں گے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں