ایران سعودی عرب صورتحال پوری دنیا کیلئے تشویشناک ہے ‘اسلامی ممالک میں مداخلتوں کا سلسلہ بند نہ ہوا تو دنیا جہنم بن جائے گی‘ مسلم ممالک میں مداخلتوں کے سلسلے کو روکنے کیلئے اسلامی سربراہی کانفرنس اور عرب لیگ کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے‘پاکستان کی حکومت اور وزیر اعظم اسلامی دنیا میں پیدا ہونے والے مسائل پر اپنا کردار ادا کریں

پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین طاہر اشرفی کا مختلف مذہبی جماعتوں کے قائدین کے اجلاس سے خطاب

بدھ 6 جنوری 2016 18:44

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔06 جنوری۔2016ء) پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہاہے کہ عالم اسلام کو تشویشناک صورتحال سے نکالنے کیلئے علماء ، مذہبی اور سیاسی قائدین کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا‘ ایران سعودی عرب صورتحال پوری دنیا کیلئے تشویشناک ہے ‘اسلامی ممالک میں مداخلتوں کا سلسلہ بند نہ ہوا تو دنیا جہنم بن جائے گی‘ مسلم ممالک میں مداخلتوں کے سلسلے کو روکنے کیلئے اسلامی سربراہی کانفرنس اور عرب لیگ کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے‘پاکستان کی حکومت اور وزیر اعظم اسلامی دنیا میں پیدا ہونے والے مسائل پر اپنا کردار ادا کریں‘ سعودی وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور پاکستانی قوم ملک کی مذہبی و سیاسی جماعتیں انہیں خوش آمدید کہتی ہیں اور توقع کرتی ہیں کہ انشاء اﷲ اس دورے سے پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات میں نہ صرف مزید بہتری آئے گی بلکہ ایران ، سعودی عرب کی موجودہ صورتحال پر بھی کوئی بہتر راستہ نکل سکے گا۔

(جاری ہے)

وہ مختلف مذہبی جماعتوں کے قائدین کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر مولانا زاہد محمود قاسمی ، مولانا اسد اﷲ فاروق ، مولانا عبد الحمید وٹو ، مولانا عبد الحمید صابری ، مولانا ایوب صفدر ، مولانا عبدالکریم ندیم ، مولانا نعمان حاشر ، حافظ شعیب الرحمن ، مولانا طاہر عقیل بھی موجود تھے ۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ سعودی عرب میں دی جانے والی سزاؤں پر پاکستان کے اندر جذباتی ماحول پید اکرنا پاکستان اور ملت اسلامیہ کے مفاد میں نہیں ہے۔

ہمیں مسلمان اور پاکستانی بن کر سوچنا ہو گا۔ ملت اسلامیہ مختلف مکاتب فکر کے درمیان تصادم پیدا کرنے سے مضبوط نہیں ہو گی بلکہ مختلف مکاتب فکر کے درمیان مکالمہ اور رواداری سے مضبوط ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے اپنے قوانین کے مطابق سزائیں دی ہیں اور کسی کو یہ حق نہیں پہنچتا کہ وہ کسی بھی ملک کے قوانین میں باہر بیٹھ کر مداخلت کرے ۔

انہوں نے کہا کہ تہران میں سعودی عرب کا سفارتخانہ جلایا جانا اس بات کو واضح کر رہا ہے کہ سعودی عرب ایران معاملے پر شدت کس انداز میں پیدا ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی طرف سے ایرانی مداخلت کے روکے جانے پر مذاکرات اور مفاہمت کی بات ایک درست قدم ہے اور اس کی تائید کی جانی چاہیے ۔ انہوں کہ 8جنوری کو انتہاء پسندی ، دہشت گردی ، فرقہ وارانہ تشدد کے خاتمے اور ملت اسلامیہ اور ارض حرمین الشریفین کے استحکام اور سلامتی کیلئے ملک بھر میں یوم وحدت ملت منایا جائے گاجس میں خطباء اور آئمہ انتہاء پسندی اور دہشت گردی کی نفی کریں گے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور عالم اسلام کی سلامتی اور استحکام کو اپنے خطبات کا موضوع بنائیں گے۔

دریں اثنا ء انٹر نیشنل ختم نبوت موومنٹ ، جمعیت علماء اہلحدیث ، جمعیت علماء اسلام ، جمعیت علماء پاکستان ، سنی اتحاد کونسل سواد اعظم ، جمعیت اہل سنت ، وفاق المساجد پاکستان (رجسٹرڈ) کے قائدین نے عالم اسلام اور ملک کی موجودہ صورتحال پرغور و فکر کیلئے قومی مصالحتی کونسل کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں