وزیر اعلیٰ سے کینیڈا کے وفد کی ملاقات،دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال

شہباز شریف کی کامیابیوں کے بارے کینیڈا میں سن رکھا تھا ، پنجاب آکر اپنی آنکھوں سے دیکھ بھی لیا ہے‘پیٹرک براؤن

بدھ 6 جنوری 2016 20:46

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔06 جنوری۔2016ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے کینیڈا کے صوبے انٹاریو کے لیڈر آف دی اپوزیشن پیٹرک براؤن کی قیادت میں اعلی سطح کے وفد نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور ، دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پنجاب حکومت اور کینیڈین وفد نے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئے مستقبل میں تسلسل کے ساتھ رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے کینیڈا کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان بہترین دوستانہ تعلقات موجود ہیں تاہم دونوں ملکوں کے مابین تجارتی و معاشی تعلقات کو فروغ دینے کے ساتھ تعلیم، صحت اور سکل ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت انٹاریو کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانا چاہتی ہے اور اس ضمن میں تیز رفتاری سے اقدامات کئے جانے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ کینیڈا میں بسنے والے لاکھوں پاکستانی ملک کے عظیم سفیر ہیں جوقومی معیشت کی مضبوطی کے لئے قیمتی زرمبادلہ بھجواتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کو دہشت گردی ، توانائی بحران اور دیگر چیلنجز کا سامنا ہے۔ حکومت ملک کو مسائل کے گرداب سے نکالنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں گزشتہ اڑھائی برس کے دوران پاکستان نے کئی شعبوں میں نمایاں ترقی کی ہے۔

دہشت گردی و انتہاپسندی کے خاتمے اور توانا ئی بحران سے نمٹنے کے لئے نمایاں پیشرفت ہوئی ہے اور2013ء کے مقابلے میں آج کا پاکستان پرامن ، محفوظ اور ترقی یافتہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پوری قوم اور سیاسی و عسکری قیادت یکسو ہو کر آگے بڑھ رہی ہے۔ دہشت گرد وں کا کوئی مذہب نہیں ، وہ پوری انسانیت کے دشمن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں اور ان عظیم قربانیوں کے نتیجے میں پاکستان امن کا گہوارہ بنے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں توانائی بحران کے خاتمے کے لئے بھی موثر اقدامات کئے گئے ہیں۔ توانائی کی کمی کے مسئلے پر قابو پانے کے لئے بجلی کے متعدد منصوبوں پر تیزی کے ساتھ کام ہو رہا ہے۔ 2017-18ء میں توانائی منصوبوں کی تکمیل سے ہزاروں میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے معیشت کو درست سمت پر ڈال دیا ہے اورزرمبادلہ کے ذخائر تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے صوبے کے نوجوانوں کو با اختیار بنانے کے لئے انقلابی اقدامات شروع کر رکھے ہیں۔ نوجوان پاکستان کاروشن مستقبل ہیں، انہیں با اختیار بنانے کے لئے ہر ممکن وسائل فراہم کئے گئے ہیں۔ صحت کے شعبہ کی بہتری کے لئے شاندار اصلاحاتی پروگرام پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لئے ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا نظام متعارف کرایا گیا ہے۔

پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے دن رات محنت ، لگن اور دیانت سے کام کر رہے ہیں اور وہ وقت دور نہیں جب ترقی یافتہ اور خوشحال پاکستان کی منزل حاصل کریں گے۔ کینیڈا کے وفد کے سربراہ نے پیٹرک براؤن نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ شہباز شریف کا ٹریک ریکارڈ کامیابیوں سے عبارت ہے۔ پنجاب حکومت کا تعلیم، صحت اور مختلف شعبوں میں اصلاحاتی پروگرام شاندار ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی کامیابیوں کے بارے کینیڈا میں سن رکھا تھا، پنجاب آکر اپنی آنکھوں سے دیکھ بھی لیا ہے۔ بلا شبہ شہباز شریف جس عزم اور وژن کے ساتھ صوبے کے عوام کی خدمت کر رہے ہیں وہ قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب میں نمایاں ترقی کا کریڈٹ وزیراعلیٰ شہبازشریف کی متحرک قیادت کو جاتا ہے۔ کینیڈین وفد میں سینیٹر سلمیٰ عطاء اﷲ جان، صدر کینیڈا پاکستان بزنس کونسل سمیر ڈوسل اور دیگر اعلیٰ حکام شامل تھے۔ صوبائی وزراء ذکیہ شاہنواز، عائشہ غوث پاشا،صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، متعلقہ سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں