بچوں پر تشد د کے خاتمے کے لئے سول سوسائٹی بھرپور کردار ادا کرے ،فاطمہ شیخ

محکمہ تعلقات عامہ کے افسروں کا چائلڈ پروٹیکشن بیورو انگوری باغ سکیم کے مختلف شعبوں کا دورہ ،تفصیلی بریفنگ

بدھ 6 جنوری 2016 22:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔06 جنوری۔2016ء) چائلڈ پروٹیکشن بیوروپنجاب کی ڈائریکٹر جنرل فاطمہ شیخ نے کہاہے کہ بچوں پر تشددکے سدباب کے لئے سول سوسائٹی بھرپور کردار ادا کرے-بچوں کے ساتھ ہونے والی زیادتیاں او رظلم معاشرتی بگاڑ اور سماجی نا انصافیوں کا نتیجہ ہیں-محکمہ تعلقات عامہ کے افسروں پر مشتمل وفد سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل چائلڈ پروٹیکشن بیورو فاطمہ شیخ نے بتایا کہ بچوں پر تشدد کے بارے میں خصوصی قوانین پر مشتمل (Punjab Destitute and Neglected Children ) ایکٹ 2007 کے تحت پنجاب بھر میں بچوں کو ریسکیو کرنے کے بعد ان کے قیام و طعام ، دیکھ بھال اور نفسیاتی بحالی کے لئے خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں -صوبہ بھر کے ڈویژنل مقامات میں چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے اقامتی یونٹ کام کررہے ہیں جن میں مرکزی دفتر لاہو رکے علاوہ سیالکوٹ، گوجرانوالہ ، فیصل آباد ، ملتان اور راولپنڈی شامل ہیں -فاطمہ شیخ نے بتایاکہ مخیر حضرات ، سول سوسائٹی ، پولیس ، عدلیہ اور حکومت پنجاب کی خصوصی معاونت سے تشدد زدہ اور سماجی مسائل سے متاثرہ بچوں کے لئے چائلڈ پروٹیکشن بیورو کا کردارخصوصی اہمیت کا حامل ہے-ڈائریکٹر پروگرام تانیہ ملک نے اس موقع پر بریفنگ میں بتایا کہ بچوں پر تشدد کے واقعات کا تناسب پوش علاقوں میں زیادہ ہونا پوری سوسائٹی کے لئے لمحہ فکریہ ہے- چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں بچوں کو خصوصی توجہ اور دیکھ بھال سے معاشرے کا کارآمد شہری بنانے کی بھرپور کوشش کی جاتی ہے جس کے خاطر خواہ نتائج برآمد ہورہے ہیں-ڈی جی چائلڈ پروٹیکشن بیورو فاطمہ شیخ،ڈائریکٹر پروگرام تانیہ ملک نے افسران تعلقات عامہ کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے ایکٹ ، طریقہ کار او ردیگر امور سے تفصیلا آگاہ کیا-افسران محکمہ تعلقات عامہ نے چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے مختلف شعبہ جات کادورہ بھی کیا- وفد میں انچارج انفارمیشن کور گروپ اشتیاق امین ، ڈپٹی ڈائریکٹر پریس انفارمیشن جاوید یونس، ڈپٹی ڈائریکٹر تعلقات عامہ محمد عمران اسلم ،ڈپٹی ڈائریکٹر سہیل رانا ، ڈپٹی ڈائریکٹر الیکٹرانک میڈیا لالہ رخ ، ڈپٹی ڈائریکٹر روبینہ زاہد ،انفارمیشن آفیسر حفصہ جاوید، کنٹنٹ پروڈیوسر ز حنا ،وجہہ احمد،پبلک ریلیشنز آفیسرز چائلڈپروٹیکشن بیور و زاراعمر ، وسیم عباس اور دیگر بھی شامل تھے-

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں