ایف بی آر چھاپے مارنے کی بجائے شکایات کے مسئلے کو افہام و تفہیم سے حل کرے، چیئرمین ویب کوپ

جمعرات 7 جنوری 2016 16:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔07 جنوری۔2016ء) ایف بی آر حکام ٹیکس شکایات کی صورت میں پولیس مین بننے ’ کاروباری اداروں پر چھاپے مارنے اور متعلقہ افراد کو خوف میں مبتلا کرنے کی بجائے متعلقہ چیمبر آف کامر س اینڈ انڈسٹر ی کے نوٹس میں لائیں تاکہ افہام و تفہیم اور خوش اسلوبی سے شکایات کا ازالہ ہو سکے ․ ویب کوپ پنجاب کے چیئرمین ملک طاہر جاوید اور وائس چیئرمین چوہدری نسیم اقبال نے گزشتہ روز جمعرات کے روز جاری کردہ اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ٹیکس حکام کے چھاپوں اور خوف و ہراس پھیلانے سے کبھی ٹیکس ریونیو میں اضافہ نہیں ہوا بلکہ لوگ ٹیکس سے فرار کی راہ تلاش کرنے لگتے ہیں ․ ملک طاہر جاوید نے کہا ہے کہ ایف بی آر کی تاریخ گواہ ہے کہ ماضی میں کاروباری آدمی کو ٹیکس کے سلسلے میں اس قدر زیادہ خوف میں مبتلا کیا گیا کہ ٹیکس دینے کی بجائے وہ اپنی جان دے بیٹھا ․ ملک طاہر جاوید نے کہا ہے کہ بزنس کمیونٹی کے افراد اسی معاشرے کا حصہ ہیں جہاں سیاست دانوں سمیت بااثر افراد کے ٹیکس نہ دینے اور کرپشن کی کہانیاں زبان زد عام ہیں ․ انہوں نے کہا ہے کہ بعض چھوٹی چھوٹی شکایات کے باوجود کاروباری طبقہ معاشرے کے تمام دیگر طبقات سے زیادہ ٹیکس دیتا ہے اور باقاعدگی سے بر وقت دیتا ہے ․انہوں نے کہا ہے کہ ٹیکس اہلکاران ڈرا دھمکا اور خوف میں مبتلا کرکے کاروباری افراد کو سودے بازی پر مجبور کرتے ہیں حالانکہ ملک طاہر جاوید نے کہا ہے کہ ایوانہائے صنعت و تجارت ملک بھر میں کاروباری طبقہ کے نمائیندہ ادارے موجود ہیں ․ شکایات کی صورت میں ان سے رابط کیا جا سکتا ہے ․ جہاں ایسے مسائل حل کرنے کے لیے کمیٹیاں موجود ہیں ․ اگر چیمبر جائز شکایات کا ازالہ نہ کر سکے تو ایف بی آر عدالت سے رجوع کرے ․ ان تمام مراحل کو طے کیئے بغیر ایف بی آر حکام خود پولیس اور خود ہی منصف بننے کی کوشش نہ کرے انہوں نے کہا ہے کہ ایف بی آر اختیارات کے نشے میں چور لٹھ بردار بننے کی بجائے مہذب کاروباری اداروں کی رہنمائی اور معاونت کا کردار اپنائیں ․ ․ ملک طاہر جاوید نے کہا ہے کہ بلا ضرورت کاروباری افراد کو خوف میں مبتلا کرنے سے بہر صورت اجتناب کیا جائے تاکہ کاروبار خوش اسلوبی سے چلتے اور لوگ رضا و رغبت سے ٹیکس دیتے رہیں ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں