وزیراعلیٰ پنجاب سے بحرین کیلئے پاکستان کے نامزد سفیر جاوید ملک کی ملاقات

وزیراعلیٰ شہبازشریف کی قیادت میں پنجاب ترقی کی نئی منزلوں کو چھو رہا ہے،جاوید ملک

جمعرات 7 جنوری 2016 22:06

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔07 جنوری۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے جمعرات کو یہاں بحرین کیلئے پاکستان کے نامزد سفیر جاوید ملک نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور مختلف شعبوں میں غیرملکی سرمایہ کاروں کیلئے سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے جاوید ملک کو نئی ذمہ داریاں سونپے جانے پرمبارکباد پیش کی اورپنجاب حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

وزیراعلیٰ نے امید ظاہر کی کہ جاوید ملک اپنی تمام ترصلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے نئی ذمہ داریوں کو بطریق احسن ادا کریں گے اور پاکستان اور بحرین کے مابین سفارتی ،تجارتی اوراقتصادی تعلقات کے فروغ میں کلیدی کردارادا کریں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں ملکی اور غیرملکی سرمایہ کاروں کو پاکستا ن میں سرمایہ کاری کیلئے ترجیحی بنیادوں پر سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں اور پنجاب میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے سازگار ماحول فراہم کیا گیا ہے،یہی وجہ ہے کہ حکومت کی ٹھوس پالیسیوں کے باعث غیرملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے اور مختلف شعبوں میں غیرملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا ہے۔

بحرین کیلئے پاکستان کے نامزد سفیر جاوید ملک نے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی قیادت میں پنجاب ترقی کی نئی منزلوں کو چھو رہا ہے اوران کی انتھک محنت کے نتیجے میں ملک کے سب بڑے صوبے میں تعلیم ،صحت اورٹرانسپورٹ کے شعبے میں انقلابی اور مثبت تبدیلیوں آئی ہیں جودیگر صوبوں کیلئے ایک رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں