محکمہ لائیوسٹاک کے فیلڈسٹاف کیلئے رسک الاؤنس اورٹیکنیکل سٹاف کی منظور شدہ خالی آسامیوں پر بھرتی کی منظوری

چولستان میں جانوروں کو بیماریوں سے بچانے کیلئے پیشگی حفاظتی اقدامات اٹھائے جائیں،وزیراعلیٰ کی ہدایت

جمعہ 8 جنوری 2016 19:39

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔08 جنوری۔2016ء)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ لائیوسٹاک سیکٹر کو معیشت کی مضبوطی میں کلیدی حیثیت حاصل ہے۔پنجاب کی بڑی دیہی آبادی کا روزگار لائیوسٹاک سیکٹر سے وابستہ ہے۔پائیدار بنیادوں پر لائیوسٹاک سیکٹر کو فروغ دینے سے نہ صرف دیہی معیشت کو فائدہ پہنچے گا بلکہ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

لائیوسٹاک کے شعبے میں اہداف کے حصول کیلئے سخت محنت کے ساتھ آگے بڑھنا ہے۔بین الاقوامی سطح پر لائیوسٹاک کی تجارت میں پنجاب کا شیئربڑھانے کیلئے تیزرفتاری سے اقدامات کرنا ہونگے۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا،جس میں صوبے میں لائیوسٹاک سیکٹر کے فروغ کیلئے اقدامات اور پالیسی فریم ورک مرتب کرنے کیلئے سفارشات کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے محکمہ لائیوسٹاک کے فیلڈسٹاف کیلئے رسک الاؤنس اورٹیکنیکل سٹاف کی منظور شدہ خالی آسامیوں پر بھرتی کی منظوری بھی دی۔وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے لائیوسٹاک سیکٹر میں بے پناہ پوٹینشل موجود ہے۔پنجاب حکومت نے لائیوسٹاک کے فروغ کیلئے موثر اقدامات کیے ہیں تاہم پنجاب میں موجود لائیوسٹاک سیکٹر کے پوٹینشل سے استفادہ کرنے کیلئے ادارہ جاتی میکانزم کے ساتھ عملے کی استعدادکار میں اضافے پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے اوراس ضمن میں موثر اقدامات کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ لائیوسٹاک کی جانب سے جانوروں کو بیماریوں سے بچانے کے حوالے سے شروع کیا جانے والا پروگرام قابل تعریف ہے اور جانوروں کی مفت ویکسی نیشن کا پروگرام تسلسل کے ساتھ جاری رہے گا۔ پنجاب حکومت مفت ویکسی نیشن پروگرام کیلئے ہرممکن وسائل فراہم کرے گی۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے ویکسی نیشن پروگرام پر عملدرآمد کے حوالے سے محکمہ لائیوسٹاک کی کارکردگی کی تعریف کی اورسیکرٹری لائیوسٹاک اور ان کی ٹیم کو شاباش دی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ لائیوسٹاک کے ماہرین پر مشتمل کورگروپ کی مشاورت کے ساتھ آئندہ کے لائحہ عمل کیلئے حتمی سفارشات مرتب کی جائیں۔چولستان میں جانوروں کو بیماریوں سے بچانے کیلئے پیشگی حفاظتی اقدامات اٹھائے جائیں۔لائیوسٹاک کی غیراستعمال شدہ اراضی کو عوامی فلاحی منصوبوں کیلئے استعمال کرنے کے حوالے سے حتمی تجاویز پیش کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ جانوروں کی ادویات کے معیار کو یقینی بنانے کیلئے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی بنائی جائے گی اوراس ضمن میں متعلقہ محکمے قانون کا مسودہ جلد تیار کرکے پیش کریں۔

وزیراعلیٰ نے چیف سیکرٹری کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ یہ کمیٹی تمام تجاویزاور اقدامات کا جائزہ لے کر 2 ہفتے میں حتمی سفارشات پیش کرے گی۔سیکرٹری لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ نے محکمے کی کارکردگی اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے بریفنگ دی۔ ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار شیر علی گورچانی، ایم این اے افضل کھوکھر، معاون خصوصی لائیوسٹاک ارشد جٹ، اراکین اسمبلی، چیف سیکرٹری، متعلقہ سیکرٹریز اور لائیوسٹاک سیکٹر کے ماہرین نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں