سعودی عرب اور ایران میں دی جانے والی سزاؤں پر پاکستان میں فرقہ وارانہ کشیدگی کی اجازت نہیں دی جائے گی ،امت مسلمہ کے مسائل کے حل کیلئے وحدت امت ضروری ہے ، سعودی عرب کے وزیر دفاع اور نائب ولی عہد کی طرف سے ایران کے ساتھ جنگ کا تصور بھی نہ کرنے کا اعلان بہتر قدم ہے ، امت مسلمہ ارض حرمین الشریفین مملکت سعودی عرب کے دفاع سے غافل نہیں ہے، سعودی وزیر خارجہ اور حکومت پاکستان کی قیادت کے درمیان مذاکرات سے سعودی عرب پاکستان تعلقات میں مزید مضبوطی ہوئی ہے

پاکستان علماء کونسل کے زیر اہتمام ملک بھر میں ’’یوم وحدت امت‘‘ کے موقع پر جمعہ کے اجتماعات میں علماء ، خطباء اور آئمہ مساجد کاخطاب اور ہزاروں میں مساجد میں متفقہ قرار دادیں منظور

جمعہ 8 جنوری 2016 19:58

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔08 جنوری۔2016ء) پاکستان علماء کونسل سے منسلک وفاق المساجد پاکستان کے زیر اہتمام ملک بھر میں ’’یوم وحدت امت‘‘ کے موقع پر خطبات جمعہ کے اجتماعات میں علماء ، خطباء اور آئمہ مساجد نے ملک کی 76 ہزارچار سو سے زائد مساجد میں متفقہ قرار داد میں سعودی عرب کے تہران میں سفارتخانے کو جلانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ ہر ملک کو اپنے قوانین کے مطابق اپنے شہریوں سے سلوک کا حق حاصل ہے ،لہٰذا سعودی عرب اور ایران میں دی جانے والی سزاؤں پر پاکستان میں کسی بھی صورت فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ،امت مسلمہ کے مسائل کے حل کیلئے وحدت امت ضروری ہے ۔

سعودی عرب کے وزیر دفاع اور نائب ولی عہد کی طرف سے ایران کے ساتھ جنگ کا تصور بھی نہ کرنے کا اعلان بہتر قدم ہے ۔

(جاری ہے)

امت مسلمہ ارض حرمین الشریفین مملکت سعودی عرب کے دفاع سے غافل نہیں ہے ۔ سعودی وزیر خارجہ اور حکومت پاکستان کی قیادت کے درمیان مذاکرات سے سعودی عرب پاکستان تعلقات میں مزید مضبوطی ہوئی ہے اور غلط فہمیاں ختم ہوئی ہیں۔ جمعہ کو پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے جامعہ حنفیہ لبرٹی مارکیٹ لاہور میں وحدت امت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مذہبی و سیاسی جماعتیں دفاع ارض حرمین الشریفین کیلئے ہر لمحہ مستعد اور متحدہیں۔

بعض قوتیں پاک سعودی عرب تعلقات کی خرابی اور ملک میں انتشار کیلئے ایران سعودی عرب کے معاملات سڑکوں پر لا کر فساد پیدا کرنا چاہتی ہیں لیکن پاکستانی عوام نے ان قوتوں کو مسترد کرتے ہوئے آج ملک بھر میں یوم وحدت منا کر یہ بات ثابت کر دی ہے کہ کسی بھی قوت کو ملک میں انتشار نہیں پھیلانے دیا جائے گااور پاک سعودی عرب تعلقات پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی ۔

انہوں نے کہا کہ ملت اسلامیہ کے مسائل کا حل بیرونی مداخلتوں کو اسلامی ممالک میں روکنے سے ہی ہو گا۔ شام ، عراق، یمن ، سعودی عرب میں ایران سمیت کسی بھی ملک کو مداخلت نہیں کرنی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ انتہاء پسندی ، دہشت گردی اور فرقہ وارانہ تشدد کے خلاف 10 فروری کو اسلام آباد میں ’’پیغام اسلام کانفرنس‘‘ ہو گی ۔اس موقع پر مولانا شعیب الرحمن ، مولانا اسد اﷲ فاروق ، مولانا اسید الرحمن ، مولانا محمد مشتاق لاہوری ،حافظ محمد حسن معاویہ، قاری اسلام الدین اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

فیصل آباد جامع مسجد گول میں خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہا کہ عالم اسلام کے مسائل کے حل کیلئے سعودی عرب اور پاکستان کا کردار اہم ہے اور بعض ملت اسلامیہ کی دشمن قوتیں پاکستان سعودی عرب اور دیگر اسلامی ممالک میں شام ، عراق ، لیبیا کی طرح انتشار پیدا کرنا چاہتی ہیں لیکن پاکستان کی مذہبی قوتیں ایسا نہیں ہونے دیں گی ۔

گجرانوالہ میں خطاب کرتے ہوئے علامہ ایوب صفدر نے کہا کہ سعودی عرب پر کسی نے جارحیت کی کوشش کی تو پاکستان اس جارحیت کے مقابلے کیلئے صف اول میں کھڑا ہو گا ۔ کراچی میں خطاب کرتے ہوئے مولانا اسد زکریا نے کہا کہ امت مسلمہ کو فرقہ وارانہ مسائل میں الجھانے والے جان لیں کہ مکہ مدینہ سے محبت رکھنے والے سر بکف ہیں۔ کوئٹہ میں خطاب کرتے ہوئے مفتی عبد الوحید سواتی نے کہا کہ سعودی عرب اور ایران کے معاملات کو پاکستان کی سڑکوں پر لانے والے دونوں ممالک کے وفادار نہیں ہیں۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر احمد علی سراج نے کہا کہ ایران میں سعودی عرب کا سفارتخانہ جلایا جانا ایک المیہ اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے اور حکومت پاکستان کا مؤقف روز روشن کی طرح واضح ہونا چاہیے۔علامہ انوار الحق مجاہد (ملتان)،مولاناعبد الحمید صابری (اسلام آباد)،مولانا نعمان حاشر(راولپنڈی)،مولانا عبدالحمید وٹو(قلعہ دیدار سنگھ)مفتی عمر (خانیوال)،سید عبد الغفار شاہ حجازی(لودھراں)،مولانا عمر عثمانی(گجرات)، مولانا اشفاق متافی(مظفرگڑھ)،مولانا سعد اﷲ (ٹوبہ ٹیک سنگھ)،مولانا عبد العلیم(جھنگ)،مولانا فہیم الحسن (شیخوپورہ)،مولانا رسال الدین آزاد (قصور)،مولانا شفیع قاسمی (ساہیوال)،مولانا طارق ندیم (پاکپتن)،مولانا شکیل الرحمن (اوکاڑہ)،مولانا خورشید نعمانی(بہاولنگر)،مولانا مبشر حضورنے بہاولپور میں جمعہ کے اجتماعات سے خطاب کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں