جارحانہ بلے باز کرس گیل کی پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) میں شرکت مشکوک ہو گئی

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر کی جگہ سری لنکا کے تھسارا پریرا کوشامل کر لیا

جمعہ 8 جنوری 2016 20:04

جارحانہ بلے باز کرس گیل کی پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) میں شرکت مشکوک ہو گئی

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔08 جنوری۔2016ء) جارحانہ بلے بازی کیلئے مشہور عالمی شہرت ویسٹ انڈین بلے باز کرس گیل کی پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) میں شرکت مشکوک ہو گئی۔اطلاعات کے مطابق لاہور قلندر کے کرس گیل ان دنوں آسٹریلیا میں اپنی کمر کے آپریشن کے لیے ڈاکٹروں سے مشورے کررہے ہیں۔اگر گیل کو آپریشن کی تاریخ مل جاتی ہے تو وہ پی ایس ایل نہیں کھیل پائیں گے کیوں کہ انہیں آرام کے لیے کم از کم دو ماہ کا عرصہ درکار ہوگا۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ اگر گیل اپریل میں ہونے والی انڈین پریمیئر لیگ کھیلنا چاہتے ہیں تو ان کے لیے یہ سرجری ضروری ہے۔دوسری جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز جیسن ہولڈر کی خدمات حاصل کرنے سے محروم ہو گیا کیوں کہ ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے انہیں این او سی جاری نہیں کیا۔

(جاری ہے)

ہولڈر کی جگہ اب سری لنکا کے تھسارا پریرا لیں گے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ پی ایس ایل نے ہولڈر کو بغیر این او سی کے ہی ٹیم میں شامل کر لیا۔

اس سے قبل تین انگلش کھلاڑی سیم بلنگز، جیمز ونس اور کرس جارڈن پی ایس ایل کے تمام میچ کھیلنے سے معذرت کرچکے ہیں کیونکہ انہوں نے 17 فروری سے جنوبی افریقی لیگ کھیلنا ہے۔ادھر پاکستان سپر لیگ کے حکام نے دنیا بھر کے کرکٹ شائقین کے لیے لیگ کے ٹکٹس آن لائن فروخت کے لیے پیش کردیے ہیں۔پی ایس ایل کے ایک اعلامیے میں بتایا گیا کہ شائقین کے جوش و جذبے کو مدنظر رکھتے ہوئے سنگل ہیڈرز کے ٹکٹوں کی قیمت 20 درہم سے جبکہ پلے آف، ڈبل ہیڈرز اور فائنل کی قیمت 30 درہم سے شروع ہو گی۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ دبئی اور شارجہ میں 4 سے 23 فروری کے درمیان کھیلی جا رہی پی ایس ایل میں مختلف ملکوں کے ٹاپ کھلاڑی 24 میچ کھیلیں گے۔آئندہ ہفتے سے متحدہ عرب امارات کے مختلف مقامات پر پی ایس ایل کے ٹکٹس دستیاب ہوں گے جس کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں