داعش کا بطور تنظیم کوئی وجود نہیں ، کچھ لوگ سوشل میڈیا سے متاثر ہو کر انفرادی طور پر شام گئے ‘ آئی جی پنجاب

قوم ، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے چوکس ہیں ،کسی بھی ایسی تنظیم کو نہیں آنے دیں گے جو دہشتگردی اور ملک کو غیر مستحکم کرنے کا موجب بنے‘ مشتاق سکھیرا کی پہلے سہولیاتی مرکز کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو

جمعہ 8 جنوری 2016 20:11

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 جنوری۔2016ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب مشتاق سکھیرا نے کہا ہے کہ داعش کا بطور تنظیم کوئی وجود نہیں ، کچھ لوگ سوشل میڈیا سے متاثر ہو کر انفرادی طور پر شام گئے ہیں جن لوگوں نے انفرادی طور پر اس تنظیم کے لئے اقدام کے ارادے ظاہر کئے ہیں انہیں بروقت کارروائیاں کر کے گرفتار بھی کیا گیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے علامہ اقبال ٹاؤن میں پہلے سہولیاتی مرکز کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر ڈی سی او لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان ،سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) امین وینس، ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف سمیت دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔آئی جی مشتاق سکیھرا نے مزید کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے داعش کا وجود نہ ہونے کے حوالے سے جو بات کہی ہے غلط نہیں ۔

(جاری ہے)

داعش کا بطور تنظیم یہاں کوئی وجود نہیں ۔ کچھ لوگ سوشل میڈیا سے متاثر ہو کر شام گئے ہیں ۔

لیکن جو لوگ ہمارے ریڈار پر تھے انکی مکمل سرویلنس مانیٹرنگ کی گئی ۔ متاثر ہونے والے کچھ لوگ انفرادی طور پراس تنظیم کے لئے اقدام کر نے کے ارادے ظاہر کر رہے تھے جنہیں بروقت کارروائی کر کے گرفتار کیا گیا ہے ۔ قوم ، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے چوکس ہیں اور کسی بھی ایسی تنظیم کو نہیں آنے دیں گے جو دہشتگردی اور ملک کو غیر مستحکم کرنے کا موجب بنے ۔

انہوں نے سہولیاتی مرکز کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس سے تاخیر ی حربے اور کرپشن کے حوالے سے شکایات کا خاتمہ کرنے میں مدد ملے گی ۔ اس طرح کے ماڈل سہولیاتی مراکز پنجاب کے اور دیگر علاقوں میں بھی قائم کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کے دس تھانوں میں فرنٹ ڈیسک بنا کر وہاں ایڈمن آفیسر تعینات کئے گئے ہیں اس کے بعد اسے پورے لاہور اور پنجاب کے بڑے شہروں تک پھیلایا جائے گا ۔ آئی جی آفس میں شکایات سیل عارضی بنیادوں پر قائم کیا گیا ہے اور آئندہ ایک ہفتے میں یہ مکمل طور پر فعال ہو جائیگا جس کے بعد عوام کو ہم تک براہ راست رسائی ہو جائے گی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں