تعلیم مومن کی میراث ہے،حصول علم ہرانسان کافرض ہے‘علامہ راغب حسین نعیمی

معاشرے میں روحانی انقلاب اورمثبت ذہنی وفکری تبدیلی تعلیم کے فروغ کے بغیرممکن نہیں‘ناظم اعلیٰ جامعہ نعیمیہ

جمعہ 8 جنوری 2016 20:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 جنوری۔2016ء ) معروف مذہبی اسکالر وناظم اعلیٰ جامعہ نعیمیہ علامہ محمدراغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ تعلیم مومن کی میراث ہے،حصول علم ہرانسان کافرض ہے،معاشرے میں روحانی انقلاب اورمثبت ذہنی وفکری تبدیلی تعلیم کے فروغ کے بغیرممکن نہیں،تعلیم کے متعلق واضح کرتے ہوئے نبی کریم ؐ نے فرمایا ’’علم میری اور مجھ سے پہلے انبیا ء کرام کی میراث ہے‘‘،اسلامی معاشرے میں تعلیم ہی وہ اجتماعی عمل ہے جس کے ذریعے معاشرہ نئی نسل کو تصور حیات دیتا ہے۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے خطبہء جمعۃالمبارک’’بعنوان علم کی اہمیت سیرت النبیؐ کی روشنی‘‘کے دوران عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہاکہ علم حاصل کرنا ہر مسلمان مرد و عورت پر فرض ہے۔

(جاری ہے)

’’علم ہی کے ذریعے انسان میں تقو ی اورپرہیزگاری کی صفات پیداہوتی ہیں،غیرتعلیم یافتہ انسان کامیاب اور خوش حال زندگی نہیں گزارسکتا۔

اسلامی تعلیمات کے تحت انسانیت نے اپنے سفر کا آغاز تاریکی اور جہالت سے نہیں بلکہ علم اور روشنی سے حاصل کیا۔ اسلام ہی وہ دین ہے جس نے تمام مسلمانوں پر تعلیم کو فرض قرار دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ تعلیم انسانی نسل کی بقا کے لیے لازمی حیثیت رکھتی ہے۔ بغیر تعلیم کے نہ تو قومیں ترقی کرسکتی ہیں نہ ہی اپنے معاشرتی زندگی کو دوام بخشتی ہیں۔ہر مسلمان کو اپنی روزمرہ زندگی کو اسلام کے مطابق ڈھالنے کے لیے علم دین کی ضرورت ہے۔ہر چیز کے لیے ایک راستہ ہے اور جنت کا راستہ علم ہے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں