بھارتی حکام کی تضحیک آمیز گفتگوناقابل برداشت ہے، پاکستان ایٹمی قوت ہے، نیپال یا بھوٹان نہیں، پیر اعجاز ہاشمی

بھارت کی حکومت ایجنسیوں کے ہاتھوں مجبور ہے، مرکزی صدرجمعیت علما پاکستان کی کارکنوں سے گفتگو

جمعہ 8 جنوری 2016 20:37

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔08 جنوری۔2016ء) جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے پٹھان کوٹ ائربیس پر ہونے والے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا ہے کہ ناقص حکومتی پالیسیوں کے باعث ہندوستان کا پاکستان سے مطالبات میں لب و لہجہ آمرانہ اورسفارتی آداب کے خلاف ہوچکا ہے ۔ جس کا پاکستانی وزارت داخلہ اور حکومت نے کوئی نوٹس نہیں لیا اور چپ سادھ کر قوم کے لئے شرمندگی کا باعث بن رہی ہیں۔

کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ لگتا ہے کہ میاں نواز شریف کا ملک سے زیاد ہ اپنے کاروبار کی فکر ہوگئی ہے۔ اور وہ پاکستان توڑنے کا فخریہ اعتراف کرنے والے نریندر مودی کے اچانک دورے کے خمار سے ابھی تک باہر نہیں نکلے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہندوستانی حکام کی تضحیک آمیز گفتگوناقابل برداشت ہے۔ ہندو بنئے کو واضح پیغام دیا جانا چاہئے کہ پاکستان ایٹمی قوت اور اسلام کا قلعہ ہے، ہم نیپال یا بھوٹان نہیں، خوددار قوم ہیں۔

جس سے مقابلے کا شوق ہندوستان کئی بار کرچکا ہے اور اسے اندازہ ہے کہ ہماری بہادر افواج کا مقابلہ کتنا مشکل ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ ہندوستان شہادت کی آرزو کرنے والی قوم سے کیا مقابلہ کرے گا۔ہم تو شہادت کو سعادت سمجھتے ہیں۔ پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ بھارت کو منہ توڑ جواب دیا جانا چاہیے، ہر حملے کا الزام پاکستان پر لگادیا جاتا ہے۔ دراصل ہندوستان کی ایجنسیاں اور اسٹیبلشمنٹ کے ہاتھوں حکومتیں مجبور ہیں، جس کی بنیاد پر وہ نہیں چاہتیں کہ مسئلہ کشمیر کا کوئی حل نکل سکے ، اس لئے ڈمی کسی قسم کی تنظیموں سے جعلی حملوں کے اعتراف کروائے جاتے ہیں۔ تاکہ پاکستان کو بلیک میل کیا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں