قومی ٹیم کا دورہ نیوزی لینڈ،پی سی بی نے کھلاڑیوں کیلئے سخت ضابطہ اخلاق جاری کردیا

جمعہ 8 جنوری 2016 20:50

قومی ٹیم کا دورہ نیوزی لینڈ،پی سی بی نے کھلاڑیوں کیلئے سخت ضابطہ اخلاق جاری کردیا

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔08 جنوری۔2016ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی )نے دورہ نیوزی لینڈ پر قومی ٹیم کے لئے سخت ضابطہ اخلاق جاری کردیا ہے،دورے کے دوران کھلاڑیوں کی نجی پارٹیوں میں شرکت ،رات دس بجے کے بعد ہوٹل سے باہر جانے اور بالخصوص محمد عامر کے اکیلے ہوٹل سے باہر جانے پر پابندی عائد کر د ی گئی ہے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق پی سی بی نے دورہ نیوزی لینڈ کے لئے ٹیم کے لئے نیا ضابطہ اخلاق جاری کرتے ہوئے کھلاڑیوں سے نئے معاہدے پر دستخط لئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

نئے ضابطہ اخلاق کے تحت قومی کرکٹ ٹیم کا کوئی بھی کھلاڑی کسی نجی پارٹی میں شرکت نہیں کر سکے گا اور نہ ہی انتظامیہ کی اجازت کے بغیر ہوٹل سے باہر جا سکے گا، اجازت لے کر باہر جانے والا کھلاڑی رات 10 بجے سے قبل ہوٹل میں واپس پہنچنے کا پابند ہو گا۔ خاص طور پر سزا کے بعد ٹیم میں واپس آنیوالے محمد عامر پر یہ بھی پابندی ہے کہ وہ اکیلے کسی سے ملاقات یا ہوٹل سے باہر نہیں جا سکیں گے۔ کھلاڑیو ں پر واضح کیا گیا ہے کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والے کھلاڑی کو پہلی دستیاب فلائٹ سے وطن واپس بھیج دیا جائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں