ڈی ایچ اے سٹی اراضی سکینڈل ، ملزم حماد ارشد کے جسمانی ریمانڈ میں مزید دو روز کی توسیع

تقریباً بارہ ہزار لوگوں سے فراڈ کیا گیا ،قانون کے مطابق کارروائی میں دیگر ملزمان بھی جلد گرفتار ہونگے‘ ڈی ایچ اے سٹی کے وکیل عاصم حفیظ

ہفتہ 9 جنوری 2016 18:32

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 جنوری۔2016ء) لاہور کی احتساب عدالت نے ڈی ایچ اے سٹی منصوبے کے اراضی سکینڈل میں ملوث ملزم حماد ارشد کے جسمانی ریمانڈ میں مزید دو روز کی توسیع کرتے ہوئے نیب کے حوالے کر دیا ۔ ڈی ایچ اے سٹی منصوبے میں مبینہ فراڈمیں ملوث ملزم حماد ارشدکی ایک روزہ جسمانی ریمانڈختم ہونے پر نیب عدالت میں پیشی ہوئی۔

اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے ۔ ملزم حماد ارشد کے وکیل امجد پرویز نے عدالت کو بتایا کہ نیب کے پاس فراڈ کے کوئی ثبوت نہیں ہیں۔تاہم عدالت نے ملزم کے ریمانڈ میں دو روز کی توسیع کرتے ہوئے گیارہ جنوری کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔ ملزم کو اب پیر کے روز نیب عدالت میں پیش کیا جائے گا جبکہ مزیدملزموں کی گرفتاریوں کا بھی امکان ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میڈیا سے گفتگومیں حماد ارشد کے وکلاء کا کہنا تھا کہ الاٹمنٹ لیٹر ڈی ایچ اے نے جاری کیے،حماد ارشدکی خواہ مخواہ کردار کشی کی جارہی ہے ۔جبکہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی ایچ اے سٹی کے وکیل عاصم حفیظ نے کہا کہ تقریباً بارہ ہزار لوگوں سے فراڈ کیا گیا ہے،چودہ ہزار چھ سو پلاٹ جو کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ لڑنے والے شہدا اور زخمی ہونیوالے فوجی جوانوں کیلئے مختص کئے گئے تھے،ان کو فراڈ کے ذریعے عام لوگوں کے ہاتھوں فروخت کرکے اربوں روپے کا فراڈ کیا گیا ہے،یہ تمام فراڈ گلوپیکو کے نام پر کیا گیا ہے۔عاصم حفیظ کا کہنا تھا کہ فراڈ میں ملوث دیگر ملزمان بھی جلد گرفتار ہوں گے اور کارروائی قانون کے مطابق کی جا رہی ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں