کرپشن کے ناسور نے ملک کی بنیادوں کو کھوکھلا کر دیا ،ملکی معیشت بدترین بحران کا شکار ہے اور حکمران غریب عوام کا خون نچوڑ رہے ہیں

امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اﷲ مجاہدکا اجلاس سے خطاب

ہفتہ 9 جنوری 2016 20:48

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 جنوری۔2016ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اﷲ مجاہد نے کہا ہے کہ کرپشن کے ناسور نے ملک کی بنیادوں کو کھوکھلا کر دیا ہے سرکاری دفاتر میں کوئی فائل اس وقت تک نہیں ہلتی جب تک اسکو پہیہ نہیں لگتا۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے جماعت اسلامی علاقہ جنوبی کے تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں جماعت اسلامی علاقہ جنوبی کے صدر خالد احمد بٹ ، پی پی 152 کے امیر عامر نثار خان ، پی پی 154 کے امیر وسیم اسلم قریشی اور پی پی 153کے امیر رانا انور سعید نے شرکت کی۔

انہوں نے کہاکہ کرپشن کی جڑیں اتنی مضبوط ہوچکی ہیں کہ سیاستدانوں ، بیوروکریٹس ،افسران اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد کی اکثریت نہ صرف کرپشن کرتی ہے بلکہ مذید اعلیٰ مناصب پر بھی فائز ہوجاتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ملک میں مہنگائی ، بے روزگاری ، گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کے مسائل نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے معیشت کی زبوں حالی کی وجہ سے بے روزگاری کی شرح میں بھی کئی گنااضافہ ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ حکمرانوں کی کارکردگی نے عوام کو سخت مایوس کیا ہے لوڈشیڈنگ کا مسئلہ 2017کے اختتام تک بھی حل ہو تا دکھائی نہیں دیتا اور بجلی و گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ بے روزگاری و مہنگائی کے معاملا ت کو حکومت چھپا نہیں سکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ شدید سردی میں عوام ٹھنڈے چولہوں اور پیـٹ کی آگ بجھا پانے کے چکر میں سراپا احتجاج ہیں اس طرح حکمران عوام کو معاشی ترقی اور مسائل کے حل کے جتنے بھی سپنے دکھائیں ان کی کوئی حقیقت نہیں اس وقت ملکی معیشت بدترین بحران کا شکار ہے اور حکمران غریب عوام کا خون نچوڑ رہے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں