سامان بھول جانا پرانی عادت، پی آئی اے اب میت کو لانا بھی بھول گئی،دوسری پرواز کے ذریعے لا یا گیا

ورثاء کا ائیر پورٹ پر شدید احتجاج ، پی آئی اے کی تحریری شکایت پر دبئی ائیرپورٹ پر ہینڈلنگ اسٹاف معطل کر دیا گیا

ہفتہ 9 جنوری 2016 21:26

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 جنوری۔2016ء) قومی ایئر لائن کی جانب سے مسافروں اور ان کے سامان کو چھوڑ کر منزل کی جانب روانہ ہو جانا کوئی نئی بات نہیں لیکن اس بار پی آئی اے میت کو ہی بیرون ملک چھوڑ کر آگئی،ورثاء کے احتجاج پر دوسری پرواز کے ذریعے میت کو لاہور پہنچا کر ورثا ء کے حوالے کر دیا گیا،پی آئی اے کی تحریری شکایت پر دبئی ائیر پورٹ پر ہینڈلنگ اسٹاف کو معطل کر دیا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ دبئی سے لاہور آنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 204نے بہاولپور کے علاقہ چٹی کوٹ کے عبد الستار کی میت کو ساتھ لے کر آنا تھا لیکن انتظامیہ کی غفلت کے باعث میت دبئی ایئرپورٹ پر ہی رہ گئی جبکہ فلائٹ لاہور پہنچ گئی۔ لاہور پہنچنے پر میت کے ورثا ء جب اپنے پیارے کی لاش وصول کرنے پہنچے تو معلوم ہوا کہ میت تو دبئی میں ہی رہ گئی ہے جس پر ورثا ء کی جانب سے پی آئی اے انتظامیہ کے خلاف احتجاج کیا گیا اور شدید نعرے بازی کی گئی۔

(جاری ہے)

پی آئی اے حکام نے انتظامیہ کی لاپرواہی اور واقعہ کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے میت کو دبئی سے آنے والی دوسری پرواز پی کے 214سے لانے کا اعلان کیا ۔میت کو پہلے دبئی سے کراچی پہنچایا گیا گا جہاں سے اسے لاہور لاکر ورثاء کے حوالے کر دیا گیا ۔ میت لینے کے لئے آنے والے پی آئی اے انتظامیہ کی غفلت کے باعث کئی گھنٹے تک انتظار کی سولی پر لٹکے رہے۔ ذرائع کے مطابق دبئی سے میت لاہور پہنچانے میں غفلت پر پی آئی اے نے ہینڈلنگ کمپنی کو تحریری شکایت کی جس پر دبئی ائیرپورٹ ہینڈلنگ اسٹاف معطل کر دیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں