اپوزیشن جماعتیں پاک چائنا اکنامک کاریڈور کو بلاوجہ تنقید کا نشانہ نہ بنائیں ‘محمد علی میاں

تاجر برادری پاک چائنہ اکنامک کاریڈور کو کسی طور بھی کالاباغ ڈیم کی طرح تنازعات کی نظر نہیں ہونے دے گی

پیر 11 جنوری 2016 17:43

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 جنوری۔2016ء ) پاکستان مسلم لیگ (ن) ٹریڈرز ونگ پنجاب کے صدر محمد علی میاں نے اپوزیشن جماعتوں پر زور دیا ہے کہ وہ پاک چائنا اکنامک کاریڈور کو بلاوجہ تنقید کا نشانہ نہ بنائیں کیونکہ اس اہم منصوبے پر تنقید ملک کو معاشی طور پر غیر مستحکم کرنے کے مترادف ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ نواز شریف حکومت کی بدولت چین کی حکومت پاک چائنہ اکنامک کاریڈور پر چھیالیس ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کررہی ہے جس سے ملک میں صنعت سازی ہوگی، وسیع پیمانے پر روزگار کے مواقع پیدا ہونگے اور بجلی کے بہت سے منصوبوں کی بدولت ملک کو توانائی کے بحران سے چھٹکارا ملے گا لیکن بدقسمتی سے اس اہم منصوبے پر بھی سیاست چمکانے کی کوشش کی جارہی ہے جو ملکی مفادات کے منافی ہے۔

(جاری ہے)

محمد علی میاں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک میں جہاں قومی مفادات کا معاملہ ہوتا ہے وہاں سب اپنے اختلافات بالائے طاق رکھ کر ایک نکتے پر متفق ہوجاتے ہیں لیکن ہمارے ہاں حکومت کے اچھے اقدامات کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چائنہ اکنامک کاریڈور نہ صرف ترقی و خوشحالی کا اہم سنگ میل ثابت ہوگا بلکہ ملک میں دیگر ممالک کی سرمایہ کاری کی راہ بھی ہموار کرے گالہذااپوزیشن جماعتوں کو دانشمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس منصوبے کی تکمیل کے لیے مثبت کردار ادا کرنا چاہیے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ تاجر برادری پاک چائنہ اکنامک کاریڈور کو کسی طور بھی کالاباغ ڈیم کی طرح تنازعات کی نظر نہیں ہونے دیگی۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں