پنجاب کے حکمران سپیشل پرسن سے امتیازی سلوک کا برتاؤ کررہے ہیں ‘ پی ٹی آئی پنجاب

پنجاب کے حکمران کو سپیشل پرسن کے مسائل حل کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں ‘اعجاز چوہدری ،شبیر سیال کامشترکہ بیان

پیر 11 جنوری 2016 18:17

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 جنوری۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کے سیاسی مشیر اعجازاحمدچوہدری اور پارٹی رہنماء شبیرسیال نے کہاہے کہ پنجاب حکومت وعدے کے مطابق سپیشل پرسن کے مطالبات پورے نہیں کررہی ، پنجاب حکومت کئی بار وعدہ کرکے پیچھے ہٹ گئی ہے اور آج ایک دفعہ پھر سپیشل پرسن اپنے مطالبات پورے کرنے کے لئے سڑکوں پر احتجاج کرنے پر مجبور ہیں، لیکن پنجاب کے نام نہاد خادم اعلیٰ اور ان کے حواریوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی ، پنجاب کے حکمرانوں کا وعدے سے پھر نا وطیرہ بن چکا ہے ،افسوس کی بات ہے کہ پنجاب کے حکمران سپیشل پرسن سے امتیازی سلوک کا برتاؤ کررہے ہیں اور انہیں اپنا جائز حق جان بوجھ کر نہیں دے رہے ، ہم سب کو سپیشل پرسن کی بھرپور مدد کرنی چاہئے ۔

(جاری ہے)

اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت کے پاس اربوں روپے کے فنڈز موجود ہیں لیکن پورے صوبے میں سینکڑوں سپیشل پرسن ہونگے، حکومت انہیں ڈیلی ویجز پر ملازمتیں تو فراہم کی ہیں لیکن انہیں مستقل نہیں کیا جارہا۔ تحریک انصاف سپیشل پرسن کے تمام مطالبات کی حمایت کرتی ہے اور حکومت پنجاب کے دوغلے پن کی مذمت کرتی ہے کہ وہ فوری طور پر سپیشل پرسن کے تمام مطالبات پورے کرے اور ڈیلی ویجز ملازمین کو فوری مستقل کرے اور جو سپیشل پرسن افراد نوکریوں سے محروم ہیں انہیں فوری روز گار مہیاکرے ۔

پنجاب کے حکمرانوں کے پاس میٹرو اور اورنج ٹرین پر اربوں روپے قوم کے ٹیکسوں کا پیسہ برباد کرسکتی ہے تو ان سپیشل پرسن کو وظیفہ مقرر کیوں نہیں کرسکتی۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب کے حکمرانوں کی آمرانہ سوچ کی عکاسی کرتاہے کہ انہیں غریب عوام کی ترجیح نہیں بلکہ اپنے نام نہاد منصوبے ہیں ۔ پنجاب میں لوٹ مار عروج پر ہے اور پنجاب کے حکمران اقتدار کے مزے لوٹ رہے ہیں انہیں سپیشل پرسن کے مسائل حل کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں ،غریب عوام سے پنجاب کے حکمران اپنے نام نہاد منصوبوں کی آڑ میں ان سے اپنی چھت اور زندگی بھر کی کمائی چھین رہے ہیں۔ خدارا حکمران اپنی طرزِ حکمرانی کو بدلیں او ر یہی پیسہ غریب عوام پر خرچ کریں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں