اہم ایشو پر پارٹی کے نقطہ نظر کے حوالے سے پمفلٹ کی اشاعت ،بھرپور اپوزیشن اور نئے چہروں کوآگے لایا جائے ،رہنماؤں کی بلاول بھٹو کو تجاویز

پیپلز پارٹی کے چیئرمین سے پنجاب کے سابق صدور قاسم ضیاء،رانا آفتاب ، امتیاز صفدر وڑائچ اور مخدوم شہاب الدین نے بھی ملاقات کی

پیر 11 جنوری 2016 22:03

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 جنوری۔2016ء) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت مرکزی رہنماؤں کے اجلاس میں اہم ایشو پر پارٹی کے نقطہ نظر کے حوالے سے پمفلٹ کی اشاعت ،بھرپور اپوزیشن کرنے اور نئے چہروں کوآگے لانے کی تجاویز دی گئی ہیں ۔گزشتہ روز بحریہ ٹاؤن میں بلاول ہاؤس میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی ، سینیٹرز اور دیگر رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ آنے والے وقت میں پنجاب میں پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط کیا جائے گا ،پارٹی کی سینئر قیادت ،کارکنوں اور نئے آنے والوں کے ساتھ ملکر شہید ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو شہید والی پارٹی بنایا جائے گا ۔

بلاول بھٹو نے اجلاس میں تمام رہنماؤں کی باتوں کو غور سے سنا اور مسائل حل کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ رہنما او راراکین اسمبلی پنجاب میں مشکل حالات میں بھی پارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں جس سے ان کی پارٹی کے ساتھ وفا داری اور بھٹو شہید اوربے نظیر بھٹو شہید کے نظریے سے محبت ثابت ہوتی ہے۔ اجلاس میں رہنماؤں نے اپنے خطاب کے دوران مختلف تجاویز بھی دیں۔

انہوں نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے کہا کہ آپ کو فوری طور پر پنجاب میں اپنی ایک نئی ٹیم بنا لینی چاہیے اور اب پنجاب میں ایک حقیقی اپوزیشن کرنی چاہیے ۔سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی دہشتگردی کے خلاف پالیسی آج قومی پالیسی بن چکی ہے عمران خان نے حکومت تو حاصل کرلی ہے لیکن عوام کے لئے کچھ نہیں کررہے ۔پیپلز پارٹی کو بھرپور اپوزیشن کا کردار ادا کرنا ہوگا۔

اعتزاز احسن نے کہا کہ پارٹی کو ہر اہم ایشو پر ایک پمفلٹ شائع کرنا چاہیے جس میں پاٹی کا واضح نکتہ نظر ہوتاکہ پارٹی کا ہر عہدیدار اور کارکن اس کو دیکھ کر اسی کے مطابق موقف دے سکے ۔انہوں نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو تجویز دی کہ وہ پارٹی میں نئے چہروں کو آگے لے کر آئیں ۔بلاول ہاؤس میں پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے پیپلز پارٹی پنجاب کے سابق صدور قاسم ضیاء،رانا آفتاب احمد خاں، امتیاز صفدر وڑائچ اور مخدوم شہاب الدین نے بھی ملاقات کی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں