مسلم ممالک کے تنازعات کے حل کیلئے اسلامی سربراہی کانفرنس طلب کی جائے، انجمن طلباء اسلام

منگل 12 جنوری 2016 16:13

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔12 جنوری۔2016ء) انجمن طلباء اسلام لاہور ڈویژ ن کے ناظم محمد اکرم رضوی نے تمام مسلم حکمرانوں کو خصوصی خط ارسال کیا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ مسلم حکمران ایران سعودی کشیدگی کے خاتمے کیلئے سفارتی کوششیں کریں۔ مسلم ممالک کے تنازعات کے حل کیلئے اسلامی سربراہی کانفرنس طلب کی جائے اور او آئی سی کا اجلاس بلا کر ایران سعودی تنازعہ کا حل نکالا جائے۔

ایران میں سعودی عرب کے سفارتخانے کو جلانا افسوسناک ہے۔ مسلم ممالک کو آپس میں لڑانا امریکی ایجنڈا ہے۔ایران اور سعودی عرب کے حکمران ہوش کے ناخن لیں اور بات چیت سے تنازعات کو حل کریں۔ امت مسلمہ کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔اسلام دشمن طاقتیں فرقہ واریت کو مسلمانوں کے خلاف بطور ہتھیار استعمال کررہی ہیں۔

(جاری ہے)

مسلم ممالک آپس میں لڑ کر دشمن کو خوش نہ کریں۔

امریکہ میں مسلمانوں کی مذہبی آزادی پر قد غن لگائی جارہی ہے۔ایران سعودی کشیدگی سے فائدہ اٹھانے کیلئے اسلام اور پاکستان دشمن قوتیں سرگرم ہو چکی ہیں۔ ایران سعودی تنازعہ سے امت مسلمہ کو نا قابل تلافی نقصان ہو گا۔ مسلم حکمران ایران سعودی کشیدگی پر خامو ش تماشائی نہ بنیں۔ تہران اور ریاض کے تعلقات میں بہتری عالم اسلام کی ضرورت ہے۔اکرم رضوی نے خط میں مزید لکھا ہے کہ اسلامی ممالک کے فوجی اتحاد میں شام ،عراق اور ایران کو بھی شامل کیا جائے اور عالمی سطح پر متحدہ مسلم بلاک تشکیل دیا جائے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ ایران اور سعودی کشیدگی کی وجہ سے پورے عالم اسلام میں اضطراب ہے اس لئے ایران سعودی کشیدگی سے اسلام دشمن قوتیں فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔ وزیر اعظم پاکستان ایران اور سعودی عرب کے ہنگامی دورے کریں۔مسلم امہ کو تقسیم ہونے سے بچانا ہو گا۔ عالم اسلام کا سعودی اور ایرانی بلاک میں تقسیم ہونا افسوسناک ہے۔امت مسلمہ کی ضرورت متحدہ مسلم بلاک ہے۔ سعودی عرب اور ایران افہام تفہیم سے تنازعات حل کریں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں