پاک چین اقتصادی راہداری ایک عظیم قومی منصوبہ ہے،اتفاق رائے پیداکیا جائے‘ میاں مقصود احمد

ماضی میں کالاباغ ڈیم جیسے قومی مفاد کے منصوبے کو سرد خانے میں ڈال دیا گیا‘ امیر جماعت اسلامی پنجاب

منگل 12 جنوری 2016 19:55

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 جنوری۔2016ء) امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہاہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری ایک عظیم قومی منصوبہ ہے،وفاقی حکومت اس حوالے سے صوبوں میں پائے جانے والے خدشات اور تحفظات کو دور کرے اور اتفاق رائے پیداکرے تاکہ پاکستان ترقی وخوشحالی کی جانب رواں دواں ہوسکے۔انہوں نے کہاکہ ایک طویل عرصے کے بعد ملک میں پاک چین اقتصادی راہداری جیسے بڑے منصوبے سے امید کی کرن پیدا ہوئی ہے جس کے بعد پاکستان دنیا کے نقشے پر ایک مستحکم وخوشحال ریاست کے طور پر جانا جائے گا اور عوام کے لئے روز گاراور کاروبار کے بے شمار مواقع بھی نکلیں گے۔

ہماری برآمدات کونئی منڈیاں ملیں گی اور تجارت کوفروغ حاصل ہوگا۔حکومت پاکستان دیگر جماعتوں کے تحفظات کوجلدازجلد ختم کرتے ہوئے منصوبے پر کام شروع کرے تاکہ راہداری منصوبے کو بروقت مکمل کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند اور سمندرسے گہری ہے۔چین نے ہمیشہ پاکستان اور اس کے عوام کا ساتھ دیا۔راہداری منصوبے پاک چین دوستی کامنہ بولتا ثبوت ہے۔

پاک چین اقتصادی راہداری ملکی ترقی وخوشحالی کاضامن قومی منصوبہ ہے جس کے ثمرات بلاتفریق تمام صوبوں اور پوری قوم کوملیں گے۔میاں مقصود احمد نے مزیدکہاکہ اقتصادی راہداری کے منصوبے کومتنازعہ بنانے سے ملک وقوم کواس کاسخت نقصان ہوگا۔ماضی میں بھی کالاباغ ڈیم جیسے عظیم منصوبوں کوسیاسی بناکر سرد خانے میں ڈال دیاگیا تھا جس کاخمیازہ توانائی بحران،آبی بحران اور بے روزگاری کی شکل میں آج قوم بھگت رہی ہے۔

اقتصادی راہداری منصوبے کوکالاباغ باغ ڈیم کی طرح سیاسی بنانے سے گریز کیاجائے اور اس کے لئے ہم سب کو ملی اتحادویکجہتی کامظاہرہ کرنا ہوگا۔بھارت نہیں چاہتا ہے کہ یہ منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچے یہی وجہ ہے کہ وہ کالاباغ ڈیم کی طرح اسے بھی رکواناچاہتا ہے۔حکومت پاکستان اپنی آئینی وقانونی ذمہ داریوں کواداکرے۔ملک خوشحال ہوگا توعوام کی زندگی آسودہ ہوگی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں