لاہور ، جناح ہسپتال سے ایک روز قبل اغواء ہونے والا پانچ سال بچہ مل گیا ، خاتون سمیت دو اغواء کار گرفتار

پیر کے روز اغواء ہونے والے بچے کو نامعلوم شخص کینال روڈ پر چھوڑ گیا ، پولیس نے تصدیق کے بعد والدین کے حوالے کر دیا

منگل 12 جنوری 2016 22:00

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 جنوری۔2016ء) لاہور کے جناح ہسپتال سے پیر کی شام کو اغواء ہونے والا پانچ سال بچہ مل گیا ، نامعلوم شخص بچے کو کینال روڈ پر چھوڑ گیا ،جبکہ پولیس نے کارروائی کر کے خاتون سمیت دو اغواء کاروں کو گرفتار کر لیا جبکہ تیسرے کی تلاش جاری ہے ۔تفصیلات کے مطابق پیر کے روز زنیرہ بی بی اپنی ہمشیرہ کی سپرد داری کے لئے جناح ہسپتال آئی تھی کہ اس کاپانچ سالہ بیٹا فہد بھی اس کے ہمراہ تھا ۔

زنیرہ بی بی کسی کام کے سلسلہ میں جناح ہسپتال کے لیبر روم میں گئی تو وہاں پر تعینات سکیورٹی گارڈ نے بچے کو ساتھ لیجانے سے روک دیا جس پر زنیرہ نے بچے کو باہر کھڑی خاتون کے سپر د کردیا اور جب واپس آئی تو نامعلوم خاتون بچے کو اغوا کر کے فرار ہو چکی تھی ۔

(جاری ہے)

اطلا ع ملنے پر پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی اور ہسپتال میں میں لگے سی سی ٹی وی کیمرہ کی فوٹیج حاصل کرنے کیساتھ لیبر روم میں تعینات دو نوں سکیورٹی گارڈ ز کو بھی حراست میں لے لیا اور خاتون کی تلاش شروع کر دی تھی ۔

پولیس کے مطابق منگل کی صبح سویرے نا معلوم شخص بچے کو کینال روڈ پرہسپتال کی حدود میں چھوڑ گیا ۔جہاں شہریوں نے پولیس کو بچے کی اطلاع دی ۔پولیس نے تصدیق کے بعد بچے کو والدین کے حوالے کر دیا ہے اور سی سی ٹی وی فوٹیچ کی ذریعے ملزمان کی کھوج بھی لگائی جا رہی ہے ۔پولیس نے تحقیقات کی روشنی میں دو اغواء کاروں خاتون کوثر اور احمدکو گرفتار کر لیا ہے جبکہ اغواء کاروں کی تیسری ساتھی شہناز کی تلاش جاری ہے ۔ پولیس کے مطابق اغواء کاروں نے خوف کی وجہ سے بچے کو کینال روڈ پر چھوڑا ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں