وزیراعلی پنجاب کی جانب سے آواران زلزلہ متاثرین کے لئے 484ملین روپے کے امدادی پیکج کا اعلان

صوبہ پنجاب کی عوام بلوچستان کے بھائیوں ،بہنوں کو کبھی بھی مشکل کی اس گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑے گی‘ بلال یاسین کا خطاب

منگل 12 جنوری 2016 22:04

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 جنوری۔2016ء) صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین کی سربراہی میں چار رکن وفدنے وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی جانب سے آواران زلزلہ متاثرین کے لئے 484ملین روپے کے امدادی پیکج کوئٹہ میں منعقدہ ایک تقریب میں وزیر اعلی بلوچستان ثناء اﷲ زہری کو پیش کیا اور بلوچستان کی عوام کے لئے وزیر اعلی محمد شہبازشریف کی جانب سے خیر سگالی کا پیغام پہنچایا ۔

اس موقع پر وزیراعلی بلوچستان ثناء اﷲ زہری ،ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی شیر علی گورچانی ،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیور کیپٹن (ر) زاہد سعید،ڈی جی پی ڈی ایم اے جواد اکرم ،ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے نثار احمد ثانی کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خوراک بلال یاسین نے کہا کہ حکومت پنجاب مصیبت کی اس گھڑی میں متاثرین زلزلہ کی خدمت اپنا فرض سمجھتی ہے اور صوبہ پنجاب کی عوام بلوچستان کے بھائیوں ،بہنوں کو کبھی بھی مشکل کی اس گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی طرف سے بلوچستان کے بھائیوں اور بہنوں کے لئے یہی پیغام ہے کہ پنجاب حکومت متاثرین کو مکمل بحالی تک چین سے نہیں بیٹھے گی ۔صوبائی وزیر نے تقریب میں بتایا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے 484ملین روپے کے امدادی پیکج کا اعلان کیا ہے جس میں سے پہلے مرحلے میں 220ملین روپے امدادی پیکج کے مطابق ضلع آواران کے پڑھے لکھے بے روز گار نوجوانوں کو 132ملین روپے سے انٹرشپ کی بنیاد پر نوکری فراہم کی جا رہی ہے جس کے تحت 550پڑھے لکھے بی اے پاس نوجوانوں کو ہر ماہ بیس ہزار روپے کا اعزازیہ دیا جائے گا ۔

اسی طرح 85ملین روپے سے ضلعی ہیڈکوارٹر ہسپتال آواران کی تعمیر و آرائش کی جائے گی اور گرین سپیسز کی تعمیر کے لئے 3ملین روپے خرچ کئے جائیں گے ۔انہوں نے بتایا کہ امدادی رقوم264ملین روپے آئندہ دوسالوں میں زلزلہ متاثرین کی بحالی کے لئے دی جائے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں