پیپلز پارٹی پنجاب ایگزیکٹو کا اجلاس ، منظور وٹو کا بلاول بھٹو کی طرف سے اُن کی کارکردگی پر اظہار اطمینان کرنے پر شکریہ

منگل 12 جنوری 2016 22:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔12 جنوری۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب ایگزیکٹو کا اجلاس گزشتہ روز چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو، سیکرٹری پنجاب تنویر اشرف کائرہ اور ڈویژنل صدور نے شرکت اور خطاب کیا میاں منظور احمد وٹو نے بلاول بھٹو زرداری کی طرف سے اُن کی کارکردگی پر اظہار اطمینان کرنے پر شکریہ ادا کیا جس میں انہوں نے کہا کہ میاں منظور احمد وٹو کو پنجاب کے صدر کی ذمہ داریاں 2013 کے انتخاب سے چھ ماہ پہلے سونپی گئیں۔

اس لئے انہیں کام کرنے کا بہت کم وقت ملا۔ پارٹی کے اندر تبدیلی کا عمل جاری رہتا ہے ہر سطح پر معاملات کا جائزہ لیا جا رہا ہے مگر ابھی کسی سطح پر بھی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں۔

(جاری ہے)

میاں منظور احمد وٹو نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پنجاب ایگزیکٹو کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ چیئرمین صاحب کا 50 خاندانوں کی اجتماعی شادیوں جیسے نیک کام سے پنجاب سے سیاست کے آغاز سے عوام اور کارکنان کے علاوہ میڈیا میں بھی بہت پذیرائی ملی ہے اور اس کے علاوہ بلاول بھٹو زرداری کے ہائیکورٹ بار میں خطاب کے دوران پیپلز پارٹی کے دہشت گردی کے حوالے سے کردار اور جمہوری اداروں کی مضبوطی کے لئے پیپلز پارٹی کے نظریے کو اجاگر کرنے کے علاوہ کاشتکاروں، مزدوروں، وکلاء، مینارٹی کے حقوق کے تحفظ اور دیگر طبقہ فکر کے لئے اُن کے جذبات کو سراہا گیا۔

میاں منظور احمد وٹو نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کے دورہ لاہور سے پاکستان کے روشن مستقبل اور پارٹی مقبولیت کے لئے دور رس نتائج برآمد ہوں گے۔ اس دورے سے کارکنان میں نیا جوش و جذبہ پیدا ہو گا۔ انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کو پنجاب میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا ہم آپ کے ساتھ ہیں اور انشاء اﷲ کامیابیاں ہمارا مقدر ہوں گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں