ہماری منزل ملک میں شریعت کا نفاذ ہے ،پاکستان کا آئین اسلامی مگر اس پر عمل درآمد کی راہ میں حکمران سب سے بڑی رکاوٹ ہیں، آئین بالا دست ہوتا تو آج اسمبلیوں میں نظر آنے والوں کی اکثریت جیلوں میں ہوتی ،قومی خزانے کو لوٹنے والے حکمرانی کے اہل نہیں ،کارکن اسلامی و خوشحال پاکستان کے ایجنڈے کو ملک کے گلی کوچوں تک پہنچائیں

جماعت اسلامی کے نائب امیر اور سابق رکن قومی اسمبلی میاں محمد اسلم کا ورکشاپ سے خطاب

بدھ 13 جنوری 2016 20:39

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13 جنوری۔2016ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور سابق رکن قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ ہماری منزل ملک میں شریعت کا نفاذ ہے ،پاکستان کا آئین اسلامی مگر اس پر عمل درآمد کی راہ میں حکمران سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔ آئین بالا دست ہوتا تو آج اسمبلیوں میں نظر آنے والوں کی اکثریت جیلوں میں ہوتی ۔

قومی خزانے کو لوٹنے والے حکمرانی کے اہل نہیں ۔کارکن اسلامی و خوشحال پاکستان کے ایجنڈے کو ملک کے گلی کوچوں تک پہنچائیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں جاری پانچ روزہ تربیتی ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔میاں محمد اسلم نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں اسلامی انقلاب کیلئے کوشاں ہے اور ہماری ساری جدوجہد کا مقصد عام آدمی کے حقوق کا تحفظ ہے ۔

(جاری ہے)

جب تک عام آدمی کو اس کے حقوق نہیں ملیں گے معاشرے میں بڑھتی ہوئی بے چینی اور بدامنی کا خاتمہ نہیں ہوسکتا۔عوام کو تعلیم صحت اور روزگار کے مواقع ملیں تو آئین شکنی خود بخود ختم ہوجائے گی ۔انہوں نے کہا کہ ملک کو غریبوں نے نہیں اشرافیہ اور طبقہ امراء نے نقصان پہنچایا ہے ۔آج تک ملکی اقتدار پر مسلط رہنے والے خود غرض حکمرانوں نے تمام وسائل کا رخ اپنے محلوں اور بنگلوں کی طرف موڑے رکھا ہے اور غریب کی جھونپڑی میں جلنے والے دیئے کو بھی بجھانے کی کوشش کی گئی ہے لیکن غربت اور مہنگائی کے مارے عوام نے حکمرانوں کے تمام تر مظالم کو سہنے کے باوجود ہار نہیں مانی اور وہ آج بھی ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے اپنا خون پسینہ ایک کررہے ہیں اور محنت و مشقت کرکے ٹیکس اور بل دے رہے ہیں ۔

میاں محمد اسلم نے کہا کہ جماعت اسلامی کا اسلامی و خوشحال پاکستان کا ایجنڈا ملک و قوم کو بحرانوں سے نکال کر ایک نئے عزم کے ساتھ قومی وقار کو بحال کرنے اور ترقی و خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کرنے کا ایجنڈا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کرپٹ اور بدیانت حکمران مسلسل قومی خزانے کو لوٹ رہے ہیں انہیں چور اور ڈاکو تو کہا جاسکتا ہے حکمران کسی صورت تسلیم نہیں کیا جاسکتا ۔انہوں نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ عوام کو کرپٹ اشرافیہ کے شکنجے سے نکالنے کیلئے ملک کے گلی کوچوں تک امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے پیغام کو پہنچائیں اور عوام کو لٹیرے حکمرانوں کے خلاف ایک بڑی تحریک کیلئے آمادہ و تیار کریں ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں