بجلی وگیس کی لوڈشیڈنگ سے عوام کے مسائل میں اضافہ ہوگیا ہے‘میاں مقصوداحمد

مہنگائی کی چکی میں پسے ہوئے18کروڑ عوام کاکوئی پرسان حال نہیں‘امیر جماعت اسلامی پنجاب

جمعرات 14 جنوری 2016 18:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 جنوری۔2016ء ) امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے لاہور سمیت پورے صوبے میں بجلی وگیس کی غیر اعلانیہ مسلسل کئی گھنٹوں کی جانے والی لوڈشیڈنگ پر اپنے ردعمل کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوچکا ہے،بجلی وگیس کی لوڈشیڈنگ اورپریشرمیں کمی کاسلسلہ گزشتہ کئی دنوں سے سنگین نوعیت اختیار کرچکا ہے مگر متعلقہ ادارے اور حکمران اس حوالے سے عوام کی آہ وبکاپر کسی قسم کی کوئی توجہ نہیں دے رہے،گیس اور بجلی کی طویل بندش پرلوگ بلبلااٹھے ہیں۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ موسم سرماکے باوجود شہروں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ 12سے14اوردیہات میں18گھنٹے جبکہ گیس 24گھنٹوں میں نصف شب ایک یادوگھنٹوں کے لئے آتی ہے۔

(جاری ہے)

کئی علاقوں میں پانی نایاب،مٹی کا تیل اور لکڑی کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔18کروڑعوام کاکوئی پرسان حال نہیں ہے۔لاہور سمیت پنجاب کے دیگر کئی شہروں میں عوام سراپااحتجاج ہیں۔

کاروبار زندگی شدیدمتاثر ہورہا ہے جبکہ گیس کی بندش سے گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہوچکے ہیں۔طالب علم بغیر ناشتے کے اسکول،کالج ویونیورسٹی جانے پر مجبور ہیں۔امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے مزیدکہاکہ پاکستان وسائل کی دولت سے مالامال ملک ہے مگر بدقسمتی سے ان سے فوائد غیر ملکی کمپنیاں اٹھارہی ہیں۔ضرورت اس امر کی ہے کہ ملکی ترقی وخوشحالی کیلئے اپنے وسائل پرانحصار کیاجائے۔دنیا میں وہی قومیں عروج تک پہنچی جنہوں نے عالمی دنیا کے سامنے کشکول پھیلانے کی بجائے قومی غیرت کامظاہرہ کرتے ہوئے اپنے وسائل پراکتفاء کیا۔ہمیں بھی اپنے وسائل پر انحصار کرتے ہوئے ملک کومسائل کی دلدل سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی ضرورت ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں