سابق کپتان محمد یوسف نے نیوزی لینڈ کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں پاکستان کو مشروط طور پر فیورٹ قرار دیدیا

عامر کی واپسی سے پاکستان کا بالنگ اٹیک خاصا مضبوط ہو گا، وہاب ،عامر اور عمر گل نیوزی لینڈ کیلئے خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں‘ انٹرویو

جمعرات 14 جنوری 2016 20:42

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 جنوری۔2016ء) قومی ٹیم کے سابق کپتان محمد یوسف نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں پاکستان کو مشروط طور پر فیورٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم دنیا میں ٹی ٹونٹی کی بہترین ٹیم ہے لیکن فتح کے لئے ضروری ہے کہ ٹیم کا ہر ایک رکن بحیثیت یونٹ اپنا کردار ادا کرے۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کا پہلا میچ آج ( جمعہ ) ایڈن پارک آکلینڈ میں کھیلا جائے گا۔

اپنے ایک انٹرویو میں سابق کپتان محمد یوسف نے کہا کہ اگر پاکستانی ٹیم کی بیٹنگ اور بالنگ کے تجربے اور قابلیت پر نظر دوڑائی جائے تو انہیں میزبان کیویز پر برتری حاصل ہے۔میرا نہیں خیال پاکستان کی ٹی ٹونٹی ٹیم بری ہے لیکن مختلف وجوہات کی بنا پر ٹیم کی ٹی ٹونٹی رینکنگ میں ساتویں نمبر تک تنزلی ہوئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹیم میں شاہد آفریدی، شعیب ملک، عمر اکمل، احمد شہزاد، سرفراز احمد اور انور علی کی صورت میں بہترین جارح مزاج بلے باز موجود ہیں لیکن ٹی ٹونٹی میں بھی ہمیں ایک آدھ مستند بلے باز کی ضرورت پڑتی ہے۔

پاکستان کی موجودہ ٹیم کو سنگل رن لینے میں مسائل کا سامنا ہے جبکہ خراب فیلڈنگ بھی مشکلات کا سبب بن رہی ہے۔انہوں نے نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں مشکل پچ کے تاثر کو رد کرتے ہوئے کہا کہ اب اسپانسرز کی دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسی وکٹیں بنائی جاتی ہیں جن پر زیادہ سے زیادہ رنز بن سکیں۔نیوزی لینڈ میں ہونے والے حالیہ میچز پر نظر ڈالیں تو بلے باز واضح طور پر غالب رہے، بانسی اور سوئنگ کی حامل وکٹوں پر کھیلنے کیلئے ہمارے کھلاڑیوں کو اپنی ذہنیت تبدیل کرنا ہو گی۔

محمد یوسف نے مزید کہا کہ عامر کی واپسی سے پاکستان کا بالنگ اٹیک خاصا مضبوط ہو گا، وہاب اور عامر کا اٹیک بہت خطرناک ثابت ہو گا جبکہ عمر گل کی بھی واپسی ہو گی جو ٹی ٹونٹی کے اسپیشلسٹ بالر ہیں، یہ تینوں پاکستانی بالرز نیوزی لینڈ کیلئے خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں