ہمیں بھارتی فلموں سے مقابلہ کرنے کے لئے بہترین سے بہترین کام کرنا ہو گا‘ مصطفی قریشی

جمعہ 15 جنوری 2016 12:09

ہمیں بھارتی فلموں سے مقابلہ کرنے کے لئے بہترین سے بہترین کام کرنا ہو گا‘ مصطفی قریشی

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 جنوری۔2016ء) پاکستان فلم انڈسٹری کے سینئر اداکار مصطفی قریشی نے کہاہے کہ پاکستانی فلم انڈسٹری کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لئے حکومت کو سپورٹ کرنا چاہیے ، بھارتی حکومت اپنی فلم انڈسٹری کو سپورٹ کر رہی ہے اور اسی وجہ سے ان کی فلمیں انٹرنیشنل مارکیٹ میں ریلیز ہوتی ہیں جبکہ ہماری حکومت نے فلم انڈسٹری کو لاوارث چھوڑ رکھا ہے اور اس سے بڑھ کر بدقسمتی کیا ہو گی کہ ہماری ثقافت کا کوئی وزیر ہی نہیں ۔

” این این آئی“ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ فلم اور ڈرامہ کسی بھی ملک کی ثقافت کے عکاس ہوتے ہیں اور ہمیں اپنی ثقافت کو مضبوط بنانے کے لئے اپنی فلموں کو مقامی مارکیٹ کے ساتھ عالمی مارکیٹ میں بھی متعارف کرانا چاہیے ۔

(جاری ہے)

مصطفی قریشی نے کہاکہ یہ بات بڑی خوش آئند ہے کہ کراچی سے تعلق رکھنے والے پروڈیوسروں نے ہمت کر کے فلمیں بنائیں جس کے بڑے مثبت نتائج آرہے ہیں ۔

پاکستان فلم انڈسٹری ایک حد تک زوالی کا شکار ہے مگر اس کا مقصد یہ نہیں کہ ہماری فلم انڈسٹری ختم ہو چکی ہے ۔فلم انڈسٹری کی بہتری کے لئے دوبارہ سے سینئر ہدایتکاروں ، رائٹروں اور اداکاروں کو اپنی اپنی بساط کے مطابق کردار ادا کرنا چاہیے ۔ ہم نے اپنی فلم انڈسٹری کی بحالی کے حوالے سے بے حد کوششیں کی مگر افسوس ہمیں میٹنگیں کر کے ٹرخا ریاجاتا تھا ۔

انہوں نے مزید کہاکہ مستقبل میں اچھی فلمیں ریلیز ہونے والی ہیں اور ہمیں بھارتی فلموں سے مقابلہ کرنے کے لئے بہترین سے بہترین کام کرنا ہو گا ۔ مصطفی قریشی نے سینما مالکان سے اپیل کی کہ وہ اپنے سینما گھروں میں بے شک بھارتی فلموں کی نمائش کریں مگر اس کے ساتھ ان کی پہلی ترجیح پاکستانی فلمیں ہونی چاہیے تاکہ مقابلے بازی کی اچھی فضاء پیدا ہو سکے ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں