الخدمت فاوٴنڈیشن ٹرسٹ خواتین ونگ نے رفاہ عامہ کے حوالے سے منصوبوں کی سالانہ رپورٹ جاری کردی

2015 میں میڈیکل کیمپ لگا کر 2لاکھ 20ہزار مریضوں کا معائنہ و ادویات دی گئیں، صائمہ شبیر

جمعہ 15 جنوری 2016 21:14

لاہور۔15 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔15 جنوری۔2016ء)الخدمت فاوٴنڈیشن ٹرسٹ خواتین ونگ نے رفاہ عامہ کے حوالے سے کیے گئے منصوبوں کی اپنی سالانہ رپورٹ جاری کردی۔ 2015کے دوران الخدمت فاوٴنڈیشن ونگ کے تحت مختلف میڈیکل کیمپ لگا کر 2لاکھ 20ہزار مریضوں کا معائنہ کیا گیا جبکہ بعض مریضوں کو علاج کے لیے ہسپتال بھی داخل کروایا گیا۔

یہ بات الخدمت فاوٴنڈیشن ٹرسٹ خواتین ونگ کی ناظمہ صائمہ شبیر نے جائزہ رپورٹ کی تفصیلات میں بتائی۔ صائمہ شبیر نے بتایا کہ گذشتہ سال کے دوران الخدمت فاوٴنڈیشن ونگ نے 90یتیم بچوں کو تعلیم و تربیت کے لیے ایڈاپٹ کیاجن پر فی کس تین ہزار روپے ماہانہ کے حساب سے مجموعی طور پر 32 لاکھ 40 ہزار روپے خرچ ہوئے۔تعلیم کے شعبہ پر 2لاکھ 76ہزار روپے خرچ کیے گئے۔

(جاری ہے)

300مستحق بچیوں کو جہیز بکس دیئے گئے۔ 2ہزار خاندانوں میں راشن تقسیم کیا گیا، 500افراد کو سردیوں کے کپڑے فراہم کیے گئے جبکہ زلزلہ زدگان کی امداد کے لیے 60لاکھ روپے نقد فراہم کرنے کے علاوہ ہزاروں بستر، کمبل اور کپڑے فراہم کئے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے علاوہ جن علاقوں میں میٹھا پانی میسر نہیں ہے وہاں 15لاکھ روپے کی لاگت سے صاف و میٹھے پانی کے 8کنویں بھی کھودے گئے۔ صائمہ شبیر نے کہا کہ الخدمت فاوٴنڈیشن ٹرسٹ خواتین ونگ نے سال 2016کے لیے بھی منصوبہ بندی کرلی ہے جس کی تفصیلات بہت جلد جاری کردی جائیں گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں