سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام ہونیوالا شیر پنجاب دنگل ڈیرہ غازی خان کے عمیر پہلوان نے جیت لیا

جمعہ 15 جنوری 2016 22:34

سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام ہونیوالا شیر پنجاب دنگل ڈیرہ غازی خان کے عمیر پہلوان نے جیت لیا

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 جنوری۔2016ء ) سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام ہونیوالا شیر پنجاب دنگل ڈیرہ غازی خان کے عمیر پہلوان نے لاہور کے مالو پہلوان کو چت کرکے جیت لیا، دیسی کشتی کو ایک بار پھر عروج پر پہنچائیں گے، رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے دیسی کشتی کے کھیل کیلئے خصوصی فنڈز رکھے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام پنجاب سٹیڈیم میں شیر پنجاب دنگل منعقد کیاگیا۔

دنگل کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور تھے ،ڈیرہ غازی خان کے عمیر پہلوان نے لاہور کے مالو پہلوان کو دلچسپ اور سنسنی خیزمقابلے کے بعد چت کردیا۔ شیر پنجاب کو ایک لاکھ روپے انعام دیا گیا۔دوسرے بڑے مقابلے میں لاہور کے شہوار پہلوان نے ملتان کے اچھو پہلوان کو چت کیا، فاتح کو 90ہزار روپے انعام دیا گیا۔

(جاری ہے)

تیسرا بڑا مقابلہ لاہور کے طاری پہلوان اور لاہور ہی کے گونگا پہلوان کے درمیان برابر رہا۔

ان میں 70ہزار روپے کی رقم برابر تقسیم کی گئی۔ چوتھے بڑے مقابلے میں گوجرانوالہ کے ماجو پہلوان نے لاہور کے محمد علی پہلوان کو چت کرکے 30ہزار روپے کا انعام جتیا۔ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور نے شیرپنجاب عمیر پہلوان کو گرز دیا۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دیسی کشتی پنجاب کا روایتی کھیل ہے، گزشتہ کچھ عرصہ سے یہ کھیل بہت پیچھے چلا گیا تھا ، پنجاب حکومت نے دیسی کشیتوں کو دوبارہ زندہ کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کئے ہیں۔

اس طرح کے دنگل اب تسلسل سے منعقد کئے جائیں گے۔ رکن قومی اسمبلی نے دیسی کشتی کے فروغ کیلئے خصوصی فنڈ رکھے ہیں۔پہلوانوں کو خصوصی تربیت دیں گے اور مقابلوں کیلئے باہر بھی بھیجیں گے، پہلوانوں کیلئے اس طرح کا سسٹم بنائیں گے کہ ان کو معاش کی فکر نہ ہواور وہ دلجمعی سے کھیل کی طرف توجہ دیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے ویژن کے مطابق چار برس قبل سپورٹس کلچر کی بحالی کیلئے جو اقدامات کئے تھے اس کے ثمرات آج سامنے آرہے ہیں ، شیر پنجاب ڈی جی خان کے علاقے کا بنا ہے، تمام کھلاڑیوں کو سپورٹس کی بہترین سہولتیں فراہم کریں گے ۔

صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد خان کی سرپرستی میں کھیلوں کے فروغ اور سپورٹس کی بحالی کیلئے سپورٹس بور ڈ پنجاب کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریگا، کھیلوں کے فروغ کیلئے ہر ضلع میں جمنیزیم بنارہے ہیں۔قبل ازیں شیرپنجاب دنگل میں دیسی کشیتوں کے 21مقابلے ہوئے جس کی تفصیل اس طرح ہے، بلال نے شاہد ڈار، اظہر پٹھان نے مصطفی ، مانی نے امیر علی،ہیرا پہلوان نے کاشی پہلوان برف والا ،شمیل نے اظہر، طیب گجر نے وقاص، تنویر نے صابر، نعیم گجر نے رضوان بلا، جان پہلوان نے دتہ پہلوان، گوگا نے کمال، نوری نے ناصر، جھلہ نے پسرو، جلال نے سلیمان، وسیم گاڈی نے دانش، عامر نے رکھا اور جانی نے عمر پہلوان کو چت کیا۔

جبکہ ماما اور محسن پہلوان میں مقابلہ برابر رہا۔پنجاب سٹیڈیم میں شائقین کی بہت بڑی تعداد نے مقابلے دیکھے اور پہلوانوں کو بہترین کھیل پیش کرنے پر دل کھول کر داد دی، رستم زماں گاماں دنگل کے مقابلے 16جنوری کو دوپہر ایک بجے پنجاب سٹیڈیم میں منعقد ہوں گے۔

سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام ہونیوالا شیر پنجاب دنگل ڈیرہ غازی خان ..

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں