احتجاج اور مظاہروں کے باعث میٹرو بس ٹریک کی بندش سے نمٹنے کے لئے لائحہ عمل تیار

میٹرو بسوں کو گزارنے کے لئے کلمہ چوک سے پہلے اور بعد میں 2ایمرجنسی داخلی و خارجی راستے بنانے کا فیصلہ

ہفتہ 16 جنوری 2016 14:12

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 جنوری۔2016ء) لاہور میں احتجاج اور مظاہروں کے باعث میٹرو بس ٹریک کی بندش سے نمٹنے کے لئے لائحہ عمل تیار کر لیا گیا ، حکومت نے میٹرو بسوں کو گزارنے کے لئے کلمہ چوک سے پہلے اور بعد میں 2ایمرجنسی داخلی و خارجی راستے بنانے کا فیصلہ کر لیا ۔ تفصیلات کے مطابق آئے روز احتجاج اور مظاہروں کے باعث میٹرو بس ٹریک کی بندش سے جہاں مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے وہاں انتظامیہ کو بھی مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔

(جاری ہے)

میٹرو بس انتظامیہ کے مطابق چند روز قبل نابینا افراد کے احتجاج کے باعث بھی ٹکٹنگ کی مد میں 14لاکھ روپے کا نقصان ہوا تھا ۔ جس کے بعد حکومت نے میٹرو بس ٹریک کی بندش سے نمٹنے کے لئے لائحہ عمل طے کرتے ہوئے کلمہ چوک سے پہلے اور بعد میں 2ایمرجنسی داخلی و خارجی راستے بنانے کا فیصلہ کر لیا جن کا مقصد کسی بھی احتجاج کی صورت میں میٹرو بسوں کو ان راستوں سے نکال کر مین سڑک سے گزارانا ہے ۔ اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ ، میٹرو بس اتھارٹی ، ایل ڈی اے اور نیسپاک کی مشاورت سے ڈیزائن کی تیاری شروع کر دی گئی ہے اور نیسپاک 19جنوری تک داخلی و خارجی راستوں کا ڈیزائن حتمی منظوری کے لئے پیش کرے گی ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں