میرے نام پر محکمہ جنگلات کی سرکاری اراضی کے ایک انچ کا قبضہ بھی ثابت ہو جائے تو ڈپٹی اسپیکر کے عہدے سے مستعفی ہو جاؤنگا‘ سردار شیر علی گورچانی

عمران خان کو کوئی الزام تراشی کرنے سے پہلے تحقیق کر نے ساتھ ساتھ اپنے گریبان میں بھی جھانک لینا چاہیے‘ ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی

ہفتہ 16 جنوری 2016 18:24

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 جنوری۔2016ء) ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار شیر علی خان گورچانی نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان چیئرمین کے بیان (کہ ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار شیر علی خان گورچانی نے راجن پور میں محکمہ جنگلات کی زمین پر قبضہ کیا ہوا ہے ) پر شدید رد عمل کا ظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نہ صرف ایک نام نہاد پارٹی کے سربراہ ہیں بلکہ اس غلط فہمی میں بھی مبتلا ہیں کہ ان کی پارٹی ایک بڑی سیاسی جماعت ہیں ۔

عمران خان کو کوئی الزام تراشی کرنے سے پہلے اس کی تحقیق کر نے ساتھ ساتھ اپنے گریبان میں بھی جھانک لینا چاہیے۔ ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ میرا دعویٰ ہے کہ اگر میرے نام پرمحکمہ جنگلات کی سرکاری اراضی کے ایک انچ کا قبضہ بھی ثابت ہو جائے تو میں ڈپٹی سپیکر کے عہدے سے مستعفی ہو جاؤں گا اور ہر قسم کی سزا کے لئے بھی اپنے آپ کو پیش کروں گا۔

(جاری ہے)

سردارشیر علی خان گورچانی نے کہا کہ تحریک انصاف کے ممبر صوبائی اسمبلی سردار علی رضا دریشک اور اس کے خاندان کے لوگ سرکاری زمین پر قابض ہیں۔

جب ان کے خلاف کارروائی ہونے لگی تووہ عدالت سے سٹے لے آئے۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان اپنے لوگوں سے سرکاری زمینوں کے قبضے واگزار کروانے کی بات نہیں کرتے بلکہ اس کے برعکس چور مچائے شور مصداق دوسروں پر جھوٹے اور من گھڑت الزامات لگانے میں مہارت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو سیاست میں آئے کافی عرصہ گزر گیا ،اب انہیں سمجھداری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ شیر علی خان گورچانی نے میڈیا سے درخواست کی کہ ا لزام تراشی والی خبر نشر کرنے سے پہلے تحقیق کر لیا کریں ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں