جماعت اسلامی کا تھر میں غذائی قلت کی وجہ سے15دنوں میں58سے زائد بچوں کی ہلاکت پر اظہار تشویش

سندھ حکومت تھر کے لوگوں پرتوجہ نہیں دے رہی،ہر سال تھر میں موت درجنوں معصوم بچوں کونگل جاتی ہے مگر صوبائی حکومت ان کے تحفظ کے لئے کچھ نہیں کررہی‘ امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصوداحمد

ہفتہ 16 جنوری 2016 18:24

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 جنوری۔2016ء) امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے تھر میں غذائی قلت کی وجہ سے15دنوں میں58سے زائد بچوں کی ہلاکت پر شدیدتشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ سندھ حکومت تھر کے لوگوں پرتوجہ نہیں دے رہی۔ہر سال تھر میں موت درجنوں معصوم بچوں کونگل جاتی ہے مگر صوبائی حکومت ان کے تحفظ کے لئے کچھ نہیں کررہی۔

تھرپارکرمیں گزشتہ دس سالوں سے مسلسل خشک سالی اور قحط کی صورتحال پیداہورہی ہے کہ جبکہ ماضی میں خشک سالی ہر تیسرے سال ہوتی تھی۔مقام صد افسوس تو یہ ہے کہ حکومت کے تمام تراعلانات کے باوجود نہ تھر پارکرمیں کوئی طبی سہولت فراہم کرنے والا ہسپتال بن سکا اور نہ6بلین کی لاگت سے450واٹر فلٹریشنپلانٹ ہی فعال ہوسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ تھرپارکرمیں قحط سے2011میں439بچے جاں بحق ہوئے، 2013 میں 588 بچے، 2014 میں 300بچے،2015میں350جبکہ جنوری 2016کے پہلے پندرہ دن میں 58سے زائد بچے اﷲ کوپیارے ہوچکے ہیں جوکہ انتہائی افسوس ناک اور قابل مذمت امر ہے۔

یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے حکمرانوں کوصرف اپنے بچے عزیز ہیں عوام کی زندگیوں کی کوئی قدرومنزلت نہیں۔میاں مقصود احمد نے اس حوالے سے مزیدکہاکہ وفاقی وصوبائی دونوں حکومتیں اپنی آئینی وقانونی اور سب سے بڑھ کر اخلاقی ذمہ داری کو پورا کرتے ہوئے تھر میں مرنے والے معصوم بچوں کے لواحقین کے ساتھ ہمدردی کاجذبہ روااور ان کی مالی امداد کرنے کے ساتھ ساتھ علاقے میں طبی سہولتیں فراہم،صاف پانی فراہم کرنے والے واٹر فلٹروں کوفعال اور وہاں کے عوام کے لئے خصوصی پیکیج دیں۔

محض اخباری بیانات سے کچھ نہیں ہوگا۔انہوں نے کہاکہ الحمدﷲ جماعت اسلامی کی سرپرستی الخدمت فاؤنڈیشن تھرپارکر سمیت سندھ کے دیگر دوردرازکے علاقوں اور گھوٹھوں میں خدمت خلق کررہی ہے۔الخدمت فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام تھر پارکرمیں صاف پانی فراہم کرنے کے حوالے سے کیمونٹی ہینڈ پمپ176جن کی مالیت13.5بلین روپے اور ان سے35200افراد روزانہ کی بنیاد پراستفادہ کررہے ہیں۔

29.4ملین کی لاگت سے196کنویں تعمیر کئے گئے ہیں جن سے49000افراد روزانہ مستفید ہورہے ہیں۔سولر سمر پمپ کی تعداد15لاگت105ملین روپے اور7500افراد کوان سے صاف پانی فراہم کیاجارہا ہے جبکہ الیکٹرک سبمرسبل پمپ کی تعداد6اور ان سے2100افراد کوصاف پانی مل رہا ہے۔تھرپارکرمیں2واٹر فلٹریشن پلانٹس کام کررہے ہیں جن سے5000افراد کوروزانہ کی بنیاد پر صاف پانی فراہم کیا جارہا ہے۔پانی کے ان پراجیکٹس سے98800افرادروزانہ کی بنیاد پر استفادہ کررہے ہیں۔اسی طرح جماعت اسلامی کے الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت علاج معالجے کے لئے موبائل کیمپ،ہسپتالوں اور مختلف مقامات پر ڈسپنسریاں قائم کی گئیں ہیں۔ہزاروں کی تعدادمیں راشن پیکیج دیئے جارہے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں