مسلم امہ کے مسائل کے حل کیلئے پاکستان کا کردار اہم ہے، مسلم امۃ انتہاء پسندی ، دہشت گردی سے باہمی اتحاد سے ہی نجات حاصل کر سکتی ہے‘ سعودی عرب کا پاکستان کے ساتھ تقدس ، احترام اور دوستی کا رشتہ ہے جبکہ ایران ہمارا پڑوسی ہے ‘سعودی عرب اور ایران کے درمیان پیدا ہونے والے مسائل کا حل تلاش کرنے کی کوشش کرنا درست سمت قدم ہے‘ پاکستان علماء کونسل وزیر اعظم کے دورہ سعودی عرب اور ایران کا خیر مقدم کرتی ہے

پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر اشرفی کابیا ن

ہفتہ 16 جنوری 2016 18:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16 جنوری۔2016ء) پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہاہے کہ مسلم امہ کے مسائل کے حل کیلئے پاکستان کا کردار اہم ہے ، مسلم امۃ انتہاء پسندی ، دہشت گردی سے باہمی اتحاد سے ہی نجات حاصل کر سکتی ہے‘ سعودی عرب کا پاکستان کے ساتھ تقدس ، احترام اور دوستی کا رشتہ ہے جبکہ ایران ہمارا پڑوسی ہے ‘سعودی عرب اور ایران کے درمیان پیدا ہونے والے مسائل کا حل تلاش کرنے کی کوشش کرنا درست سمت قدم ہے‘ پاکستان علماء کونسل وزیر اعظم کے دورہ سعودی عرب اور ایران کا خیر مقدم کرتی ہے ۔

ہفتہ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ 2016ء کے آغاز سے ہی عالم اسلام کے مختلف ممالک میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات پوری مسلم دنیا کیلئے تشویشناک اور کربناک ہیں۔

(جاری ہے)

ان حالات میں دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے خلاف قائم ہونے والے اتحاد کو مضبوط کرنا اور مختلف اسلامی ممالک کے درمیان پیدا ہونے والے مسائل کے حل کیلئے کوشش کرنا ملت اسلامیہ کی امنگوں کی ترجمانی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے دفاع اور سلامتی کے معاملے پر پاکستان کبھی غافل نہیں رہ سکتااور سعودی عرب کے وزیر خارجہ اور نائب ولی عہد نے اپنے دورے کے دوران ایران کے معاملات پر جن امور کی نشاندہی کی تھی پاکستان کی قیادت دورہ سعودی عرب اور ایران کے دوران ان معاملات کی اصلاح کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کی کوشش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کے دورے کے دوران چائنہ کے وزیر اعظم کا بھی سعودی عرب میں ہونا اس بات کا واضح اظہار ہے کہ دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے خلاف بننے والے اتحاد میں چائنہ بھی اپنا کردار ادا کرے گا، اور پاکستان ، چائنہ اور سعودی عرب کے تعلقات میں مزید استحکام آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ ایک سال کے دوران موجودہ سعودی قیادت نے عالمی دنیا کے ساتھ معاملات میں بہتری لانے کیلئے جو اقدامات کیے ہیں وہ قابل قدر اور قابل ستائش ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں