چھانگا مانگا میں 70ہزار درخت کاٹنے کا الزام جھوٹ کا پلندہ ہے:وزیرجنگلات

جنگلات کے بہانے اورنج لائن میٹروٹرین پر تنقید مضحکہ خیز ہے‘ حکومت پنجاب درختوں کے تحفظ کی پالیسی پر کاربند ہے،عمران خان دراصل اورنج لائن پر کام دیکھ کر گھبراہٹ کا شکار ہو چکے ہیں:سیدزعیم حسین قادری

ہفتہ 16 جنوری 2016 19:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔16 جنوری۔2016ء) حکومت پنجاب کے ترجمان سید زعیم حسین قادری نے کہا ہے کہ جنگلات کی کٹائی کے بارے میں عمران خان کا بیان حقائق کے برعکس ہے۔ عوام عمران خان کے جھوٹے دعوؤں اور الزامات کی حقیقت خوب جانتے ہیں۔ عمران خان کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے سید زعیم حسین قادری نے کہا کہ عمران خان اورنج لائن میٹروٹرین پر کام ہوتا دیکھ کر گھبراہٹ کا شکار ہو چکے ہیں۔

جنگلات کی کٹائی کے بہانے اورنج لائن میٹروٹرین پر تنقید مضحکہ خیز ہے۔ حکومت پنجاب جنگلات کے فروغ اور تحفظ کی پالیسی پر سختی سے کاربند ہے۔ تحریک انصاف کے رہنما پنجاب کے جنگلات کی فکر چھوڑ کر خیبرپختونخوا پر توجہ فرمائیں۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی اور انقلاب کے داعی دوسروں پر الزام تراشی کر کے اپنا وقت گزار رہے ہیں۔

(جاری ہے)

دریں اثناء صوبائی وزیرجنگلات ملک آصف بھا نے کہا ہے کہ چھانگامانگا میں 70ہزار درخت کاٹنے کا الزام جھوٹ کا پلندہ ہے۔

صوبہ بھر میں سبز درختوں کی کٹائی پر عائد پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرایا جا رہا ہے۔ محکمہ جنگلات درخت کاٹنے کی بجائے‘ درخت اگانے کی پالیسی پر کاربند ہے۔ راجن پور میں 30سال سے زیرقبضہ 20ہزار ایکڑ رقبہ واگزار کرا کر شجرکاری کی جا رہی ہے۔ عمران خان کے الزامات میں کوئی حقیقت نہیں۔ وہ جھوٹ بولنے کی بیماری میں مبتلا ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں