اگر سندھ اسمبلی کی طرح دوسری صوبائی اسمبلیوں نے بھی بل پاس کرلئے تو کوئی مجرم جیل میں نہیں رہے گا‘سینیٹر سراج الحق

سندھ اسمبلی مجرموں کو چھڑانے کی بجائے گرفتاری کا ٹاسک لے ،سندھ اسمبلی سے بل پاس ہونے پر حیرانگی ہوئی ‘ امیر جماعت اسلامی

ہفتہ 16 جنوری 2016 20:46

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 جنوری۔2016ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے سندھ اسمبلی کے منظور کردہ کریمینل پراسیکیوشن ترمیمی بل پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ اسمبلی مجرموں کو چھڑانے کی بجائے گرفتاری کا ٹاسک لے ،سندھ اسمبلی سے بل پاس ہونے پر حیرانگی ہوئی ۔ اگر سندھ اسمبلی کی طرح دوسری صوبائی اسمبلیوں نے بھی بل پاس کرلئے تو کوئی مجرم جیل میں نہیں رہے گا۔

ترمیمی بل سیاسی مقاصد کیلئے استعمال ہوگا اور سیاسی جماعتیں اپنے اپنے مجرموں کو بچانے کیلئے میدان میں آجائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں بدامنی میں کمی سے شہریوں نے سکون کا سانس لیا تھا مگر موجودہ ترمیمی بل سے قانون شکنی کی حوصلہ افزائی ہوگی اور حکومتی پارٹیاں اپنے کسی رکن اور کارکن کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوالے کرنے کیلئے تیار نہیں ہونگی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس طرح کے ترمیمی بلوں سے ملک میں آئین اور عدلیہ کی بالادستی کی کوششوں کو شدید دھچکا لگے گا اورقانون کی حکمرانی کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا ،اس لئے سندھ حکومت کوترمیمی بل کے نقصانات کو سامنے رکھتے ہوئے ترمیم کو واپس لینا چاہئے ۔دریں اثناء امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے وزیر اعظم کی طرف سے سعودی عرب اور ایران کے دورے کے فیصلہ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس دورے کے انتہائی مثبت نتائج برآمد ہونگے اور دو برادر اسلامی ممالک کے درمیان رنجش ختم کرنے میں یہ دورہ مددگار ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان شکررنجی کو ختم کرنا وقت کی سب سے اہم ضرورت ہے ۔عالم اسلام کا اتحاد اور یکجہتی امت کے ہر فرد کے دل کی آواز ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں