ڈاکٹر طاہر القادری کا ایران کی عالمی معاشی دھارے میں شمولیت کا خیر مقدم، دعا ہے عالم اسلام کا ہر ملک معاشی اعتبار سے مستحکم ہو تا کہ امت سیاسی وسماجی اتحاد کی بر کت سے بہرا مند ہو‘سربراہ عوامی تحریک

اتوار 17 جنوری 2016 19:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17جنوری۔2016ء) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے ایران پر اقتصادی پابندیوں کے خاتمے اور عالمی معاشی سرگرمیوں کا حصہ بننے پر ایران کے عوام کو مبارکباد دی ہے ،انہوں نے کہاکہ اسلامی برادر ملک ایران کے عوام نے ثابت قدمی اور استقامت کے ساتھ عالمی سطح پر نا مساعد حالات اور لاتعداد سیاسی ،معاشی اور سماجی تکلیفوں کا سامنا کیا۔

انہوں نے کہاکہ میری دلی دعا ہے کہ عالم اسلام کا ہر ملک معاشی حوالے سے خود مختار اور باوقار ہو اور علاقائی اور بین الاقوامی امن کے قیام کیلئے اپنا موثر اور لیڈنگ کردار ادا کر سکے اورعالم اسلام داخلی ،سیاسی ،سماجی اتحاد کی قوت اور بر کت سے بہرا مند ہو ۔انہوں نے کے کہاکہ بعض قوتیں عالم اسلام کو متصادم رکھ کر عالمی امن کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کے درپے ہیں ان سازشوں کا متحد ہو کر مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہاکہ عالم اسلام متحد اور یکجا نہیں ہو گا تو انتشار پسند اور دہشت گردعناصر اپنا کھیل کھیلتے رہیں گے جس کا نتیجہ بے انسانی خون بہنے کی صورت میں سامنے آتا رہے گا ۔انہوں نے کہاکہ مسلم ممالک کے داخلی انتشار کا فائدہ اٹھا کر کچھ دہشت گرد گروپس اسلام کا لبادہ اوڑ ھ کر انسانیت کے خلاف گھناؤنا کھیل کھیل رہے ہیں ،ایسے خارجیوں کے قلع قمع کیلئے عالم اسلام متحد ہو کر امن کوششوں کو نتیجہ خیز بنائے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں